منہاج القرآن کے سینئر قائدین کے وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات

بدھ 29 جولائی 2026 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جولائی2026ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر قائدین کے وفد نے ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی اور انہیں 43ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے دعوت قبول کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضور نبی اکرمؐ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی دنیا کی ہر خوشی سے بلند تر ہے۔ آپؐ کی سیرتِ طیبہ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ عمل ہے۔ حضور نبی اکرمؐ نے انسانیت کو امن، محبت، اعتدال، رواداری، عدل اور احترامِ انسانیت کی تعلیم دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ آج بھی اگر ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اسوہء رسول اکرمؐ کے مطابق ڈھال لیں تو ہمارے تمام مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

حضور نبی اکرمؐ نے ریاستِ مدینہ کے سربراہ کی حیثیت سے دنیا کو فلاحی ریاست کا جامع تصور عطا کیا۔ ریاستِ مدینہ عدل، امن اور بقائے باہمی جیسے مضبوط اصولوں پر قائم تھی۔گورنر پنجاب نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، فکری اور دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیرتِ مصطفیؐ کی خوشبو دنیا کے کونے کونے میں پھیلا رہے ہیں۔

فروغِ سیرت اور خدمتِ دین کے لیے ان کی یہ جدوجہد ہم سب کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تقلید ہے۔ ناظمِ اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے گورنر پنجاب کو عالمی میلاد کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور انتظامات سے آگاہ کیا اور دعوت قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں نائب ناظمینِ اعلیٰ جواد حامد اور نوراللہ صدیقی، ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز کرنل (ر) خالد جاوید، راجہ زاہد محمود، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق اور عبدالحفیظ چودھری شامل تھے۔