وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق ہر شہری کو اس کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت گوادر اپنی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے

جمعہ 31 جولائی 2026 22:45

گوادر / پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست وژن کے مطابق ہر شہری کو اس کی دہلیز پر معیاری اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ صحت گوادر اپنی سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوادر ڈاکٹر یاسر طاہر نے پاک عمان ہسپتال پسنی، سول ڈسپنسری ریک پشت اور بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) ببر شور کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈاکٹر یاسر طاہر نے صحت مراکز میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کے ذخیرے، طبی آلات، عملے کی حاضری، او پی ڈی ریکارڈ، صفائی کی صورتحال اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور مقامی افراد سے بھی ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل معلوم کرتے ہوئے ان کے بروقت اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے طبی عملے پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں، مریضوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور سرکاری اوقات کار کے دوران عوام کو بلا تعطل معیاری طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ طبی مراکز میں ادویات کی دستیابی، عملے کی حاضری اور علاج معالجے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسر طاہر نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں محکمہ صحت گوادر دور افتادہ علاقوں تک معیاری طبی سہولیات کی فراہمی، بنیادی مراکز صحت کی فعالیت میں بہتری اور عوام کو بروقت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ضلعی محکمہ صحت کی جانب سے جاری مانیٹرنگ اور مسلسل فیلڈ وزٹس کے باعث صحت مراکز کی کارکردگی میں بہتری آرہی ہے، جبکہ عوام کو بہتر، بروقت اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کا سلسلہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔