ْسپریم کورٹ میں ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے حوالے سے اجلاس، نظام کو وسعت دینے کی تجویز

مجوزہ نیشنل ای فائلنگ سسٹم عدالتی نظام میں مشترکہ، منظم اور قواعد کے مطابق فائلنگ کا طریقہ کار فراہم کرے گا، چیف جسٹس

بدھ 12 اگست 2026 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2026ء) سپریم کورٹ میں ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں مذکورہ نظام کو تمام عدالتوں تک وسعت دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مجوزہ فریم ورک کے ذریعے ملک بھر میں ای فائلنگ کے یکساں معیارات متعارف کرائے جائیں گے۔بدھ کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قومی سطح پر یکساں ای فائلنگ نظام کے قیام کیلئے اعلی سطح کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ اور لا اینڈ جسٹس کمیشن کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے سٹینڈرڈائزڈ نیشنل ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کیلئے بار کے ساتھ مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا ہے ،مجوزہ نظام کا مقصد سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں میں ای فائلنگ کیلئے یکساں اور مربوط طریقہ کار وضع کرنا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ بار عدالتی فائلنگ نظام کا اہم شراکت دار اور بنیادی صارف ہے، ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے ابتدائی مرحلے سے ہی بار کی عملی ضروریات اور تجربات کو شامل کیا جا رہا ہے، مجوزہ نیشنل ای فائلنگ سسٹم عدالتی نظام میں مشترکہ، منظم اور قواعد کے مطابق فائلنگ کا طریقہ کار فراہم کرے گا۔

سپریم کورٹ کے موجودہ ای فائلنگ نظام کے تجربے کو عدالتی نظام کی تمام سطح تک وسعت دینے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا کہ مجوزہ فریم ورک کے ذریعے ملک بھر میں ای فائلنگ کے یکساں معیارات متعارف کرائے جائیں گے، یکساں ای فائلنگ نظام سے عدالتی طریقہ کار میں ہم آہنگی اور مربوط ڈیجیٹل کیس فائلنگ کو فروغ ملے گا۔مجوزہ فریم ورک تمام اہم شراکت داروں سے مشاورت اور اتفاقِ رائے کے بعد این جے پی ایم سی کے سامنے پیش کیا جائے گا، ای فائلنگ ٹیمپلیٹس میں ججوں، عدالتی عملے، وکلا اور سائلین کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے گا۔

اس موقع پر نیشنل ای فائلنگ ٹیمپلیٹس کو حتمی شکل دینے کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، کمیٹی میں بار کونسلز، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کے نمائندگان شامل ہوں گے، متعلقہ بار کونسلز اپنے ارکان سے مشاورت کرکے آئندہ اجلاس میں تجاویز پیش کریں گی اور نیشنل ای فائلنگ فریم ورک پر آئندہ مشاورتی اجلاس 20 اگست 2026 کو ہوگا۔چیف جسٹس نے کہا کہ قومی ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری میں بار کے ساتھ بامعنی مشاورت مرکزی حیثیت کی حامل ہوگی۔