این ٹی سی میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، ڈیجیٹل پاکستان کے عزم کا اعادہ

این ٹی سی کا ملک بھر کی جامعات کے طلبہ کے مابین پوسٹر ڈیزائننگ مقابلہ، بھرپور شرکت اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 اگست 2026 20:13

این ٹی سی میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، ڈیجیٹل پاکستان کے عزم ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 14 اگست 2026ء ) نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) نے پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جذبے، جوش و خروش اور ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کے عزمِ نو کے ساتھ منایا۔ اس سلسلے میں مرکزی ہیڈکوارٹرز، این ٹی سی اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں این ٹی سی کی سینئر مینجمنٹ، معزز مہمانوں اور ملازمین نے شرکت کی۔

منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی میجر جنرل (ر) علی فرحان (ہلال امتیاز ملٹری) نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے نمائندے اکرام الحق نے بھی بطور اعزازی مہمان تقریب میں شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں منیجنگ ڈائریکٹر نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور ان تمام مرد و خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں، عزم اور جدوجہد کے نتیجے میں پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصول آج بھی اسی طرح اہم ہیں اور قوم کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن رکھنے کے لیے ان اصولوں کو اپنی رہنمائی کا ذریعہ بنانا ہوگا۔ پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی میں این ٹی سی کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ٹی سی سرکاری اداروں اور شہریوں کو محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید آئی سی ٹی انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں ڈیجیٹل رابطے کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کا بنیادی مقصد انسان اور معاشرے کی فلاح و بہبود ہے، جبکہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، ڈیجیٹل مہارتوں اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا ناگزیر ہے، تاکہ وہ ملک کی معاشی، سماجی اور تکنیکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔وفاقی وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے نمائندے اکرام الحق نے اپنے خطاب میں این ٹی سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ٹی سی ملک میں قابلِ قدر اور شاندار خدمات انجام دے رہا ہے۔

بیرونِ ملک پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں محنت اور لگن سے خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم محنتی، باصلاحیت اور صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ اکرام الحق نے این ٹی سی کے ملکی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی میں کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، اس لیے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا اور قومی معاملات میں ان کی شمولیت یقینی بنانا ضروری ہے۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ نوجوانوں کو مرکزی دھارے میں فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہونے کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور جدید خیالات کے ذریعے ملکی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں این ٹی سی کی جانب سے ملک بھر کی جامعات کے طلبہ کے لیے ملک گیر پوسٹر ڈیزائننگ مقابلے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی جانب سے بھرپور اور شاندار شرکت دیکھنے میں آئی۔

مقابلے میں حمزہ شوکت نے پہلی، محمد علی حیدر نے دوسری جبکہ راہول کمار نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تخلیقی صلاحیتوں، جوش و جذبے اور حب الوطنی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مثبت اور تخلیقی سرگرمیاں نوجوانوں میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور قومی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پوسٹر ڈیزائننگ مقابلے کے ذریعے طلبہ اور نوجوانوں کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنِ مصوری کے ذریعے پاکستان سے محبت اور حب الوطنی کے جذبات کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا۔ مقابلے میں ملک بھر سے طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جو نوجوان نسل کی تخلیقی صلاحیتوں اور پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے ان کے عزم کا مظہر ہے۔ تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ این ٹی سی ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید آئی سی ٹی انفراسٹرکچر کے فروغ اور قومی ترقی کے ایجنڈے کی تکمیل میں اپنا کردار بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔