بمبئی ہائیکورٹ نے سنجے دت کے پونے نائٹ کلب کو بغیر اجازت گانے چلانے سے روک دیا

جمعرات 13 اگست 2026 22:38

بمبئی ہائیکورٹ نے سنجے دت کے پونے نائٹ کلب کو بغیر اجازت گانے چلانے ..
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) ممبئی ہائیکورٹ نے بالی ووڈ اداکار سنجے دت اور ہیریمب شیلکے کی مشترکہ ملکیت والے پونے کے لگڑری نائٹ کلب بالر کو بغیر اجازت کاپی رائٹ موسیقی چلانے سے روک دیا ہے۔ عدالت نے فونوگرافک پرفارمنس لمیٹڈ (PPL) انڈیا کی درخواست پر عبوری حکم جاری کرتے ہوئے کلب انتظامیہ کو پی پی ایل کے میوزک ریپرٹوائر میں شامل گانے مطلوبہ لائسنس کے بغیر عوامی طور پر چلانے یا استعمال کرنے سے منع کیا۔

پی پی ایل انڈیا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کلب میں اس کے کاپی رائٹ شدہ گانے مطلوبہ لائسنس کے بغیر چلائے جا رہے ہیں۔عدالت کو بتایا گیا کہ پی پی ایل کے ایک نمائندے نے 24 جون کو کلب کا دورہ کیا، جہاں متعدد معروف گانے چلائے جا رہے تھے۔

(جاری ہے)

ان میں بدتمیز دل‘ موجا ہی موجا‘، ’دردِ ڈسکو‘، ’او ساقی ساقی‘، ’دس بہانے‘ شامل تھے۔ پی پی ایل کے مطابق مذکورہ ریکارڈنگز کے کاپی رائٹس اس کے پاس ہیں۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ بالر نائٹ کلب نے ماضی میں پی پی ایل کے ریپرٹوائر سے موسیقی استعمال کرنے کا لائسنس حاصل کیا تھا، تاہم اس لائسنس کی مدت ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کرائی گئی۔عدالت نے معاملے کا جائزہ لینے کے بعد کلب کے مالکان کو ہدایت کی کہ وہ ضروری نان ایکسکلوسو پبلک پرفارمنس لائسنس حاصل کیے بغیر پی پی ایل کے کاپی رائٹ شدہ گانوں کی عوامی پرفارمنس یا استعمال نہ کریں۔

پی پی ایل کے وکیل ہیتن واسن نے عدالتی حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاپی رائٹ شدہ موسیقی کے غیر مجاز استعمال کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ان کے مطابق بمبئی ہائیکورٹ کا عبوری حکم واضح پیغام ہے کہ تجارتی مقامات پر کاپی رائٹ موسیقی کا مسلسل غیر مجاز استعمال سنگین قانونی نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔پی پی ایل کے مطابق تجارتی اور تفریحی مقامات پر کاپی رائٹ شدہ موسیقی عوامی طور پر چلانے کے لیے متعلقہ اجازت اور لائسنس کا حصول ضروری ہے۔