دہلی ہائیکورٹ کا خوشی کپور کے حق میں بڑا حکم، مبینہ فحش مواد اور غیر مجاز اشیا ہٹانے کی ہدایت

جمعرات 13 اگست 2026 22:38

دہلی ہائیکورٹ کا خوشی کپور کے حق میں بڑا حکم، مبینہ فحش مواد اور غیر ..
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) دہلی ہائیکورٹ نے بالی ووڈ اداکارہ خوشی کپور کے شخصیت اور تشہیری حقوق کے تحفظ کے لیے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ان سے متعلق مبینہ فحش اور قابلِ اعتراض مواد ہٹانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے خوشی کپور کے نام اور شخصیت سے منسلک غیر مجاز تجارتی اشیا کی آن لائن فروخت سے متعلق مواد ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔

جسٹس جیوتی سنگھ نے یہ ہدایات خوشی کپور کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران جاری کیں، جس میں اداکارہ نے اپنے پرسنالٹی رائٹس اور پبلسٹی رائٹس کے تحفظ کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے عبوری حکم امتناع کی درخواست پر غور کرتے ہوئے خوشی کپور کے حق میں جان ڈو آرڈر جاری کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

(جاری ہے)

جان ڈو آرڈر ایک قانونی طریقہ کار ہے جس کے ذریعے کسی فرد کو ایسے نامعلوم افراد یا اداروں کے خلاف بھی قانونی تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے جو مستقبل میں اس کی شناخت، نام، تصویر یا دیگر شخصی خصوصیات کا غیر مجاز استعمال کرتے ہوئے سامنے آئیں۔

خوشی کپور کی جانب سے دہلی ہائیکورٹ میں انڈیا لا کے شراکت داران اسو راجن اور ابھا شاہ نے مقدمے کی پیروی کی۔عدالت کے احکامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب معروف شخصیات کے نام، تصاویر، آواز، حلیے اور دیگر شناختی خصوصیات کے غیر مجاز استعمال کے خلاف قانونی کارروائیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ سوشل میڈیا، آن لائن اشتہارات، غیر مجاز مرچنڈائز اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے باعث شخصی حقوق کا معاملہ مزید اہمیت اختیار کرگیا ہے۔