میری بات کو غلط رنگ دیا گیا‘، خواتین سے متعلق متنازع بیان پر شہود علوی کی وضاحت

جمعرات 13 اگست 2026 22:38

میری بات کو غلط رنگ دیا گیا‘، خواتین سے متعلق متنازع بیان پر شہود علوی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) پاکستان کے سینئر اداکار شہود علوی نے اپنے حالیہ متنازع بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا اور ویوز حاصل کرنے کے لیے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر نشر کیا جا رہا ہے۔شہود علوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ ان کی گفتگو کو اصل سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔

اداکار کے مطابق مکمل پروگرام دیکھنے سے واضح ہوتا ہے کہ ایک خاتون نے لائیو کال کے ذریعے سوال کیا تھا کہ ان کا شوہر انہیں توجہ کیوں نہیں دیتا اور ہر وقت فون میں کیوں مصروف رہتا ہے۔ان کے بقول اس موقع پر پروگرام میں معاشرے میں عمومی طور پر مردوں کی سوچ اور رویوں پر گفتگو ہو رہی تھی جسے ان کے ذاتی خیالات یا خواتین کے بارے میں نظریات سے جوڑنا درست نہیں۔

(جاری ہے)

شہود علوی نے مزید کہا کہ وہ بااختیار اور پٴْراعتماد خواتین کے حامی ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اپنی اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ بھی اسی سوچ کے تحت برتاؤ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی اہلیہ کو گھر کے ضروری امور کے حوالے سے مکمل تعاون حاصل ہے اور وہ اپنی اہلیہ کی جانب سے اپنے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کا دل سے احترام کرتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ اس وقت سوشل میڈیا پر ان کے بارے میں جو تاثر پھیلایا جا رہا ہے وہ نہ تو ان کے اصل بیان کی عکاسی کرتا ہے اور نہ ہی ان کے نظریات کی۔

شہود علوی نے ویوز اور توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح کسی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا قابلِ مذمت ہے اور ایسا کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔