روس کا نیٹو کی آرکٹک میں فوجی سرگرمیوں پر اظہار تشویش

جمعہ 14 اگست 2026 09:12

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) روس نے خبردار کیا ہے کہ نیٹو کی جانب سے آرکٹک خطے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافہ علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہے۔تاس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کے محکمہ برائے یورپی امور کے ڈائریکٹر ولادیسلاو ماسلینیکوف نے آرخانگلسک میں چوتھے آرکٹک ریجنز فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیٹو آرکٹک کو عسکری شکل دے رہا ہے اور روس کی شمالی سرحدوں کے قریب اپنی جارحانہ صلاحیت میں اضافہ کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں بڑے پیمانے پر فوجی مشقیں باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں جارحانہ کارروائیوں کی تیاری بھی شامل ہے، جبکہ نیٹو کے غیر آرکٹک رکن ممالک بھی ان سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لے رہے ہیں۔روسی عہدیدار نے کہا کہ روس کی شرکت کے بغیر آرکٹک سے متعلق مسائل کے حل کی کوئی بھی کوشش بے سود ہوگی اور ماسکو خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھے گا۔واضح رہے کہ نیٹو نے رواں سال فروری میں آرکٹک اور ہائی نارتھ میں نگرانی، فوجیوں اور مشقوں کے رابطہ کار کے لیے ’’آرکٹک سینٹری‘‘ کے نام سے فوجی سرگرمی شروع کی تھی۔