ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سوات کی زیرِ صدارت سٹیئرنگ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس، تعلیمی امور اور ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیا

منگل 18 اگست 2026 16:02

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2026ء) یڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیرِ صدارت ضلعی سٹیئرنگ کمیٹی برائے محکمہ تعلیم کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر سوات کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز (مردانہ و زنانہ)، سب ڈویژنل آفیسرز محکمہ تعلیم، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس ایجوکیشن کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفس کے نمائندے نے ضلع سوات میں محکمہ تعلیم (مردانہ و زنانہ) کی ماہانہ کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔بریفنگ میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، تعلیمی معیار اور سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سے متعلق اعداد وشمار اور رپورٹ پیش کی گئی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سوات محب اللہ خان یوسفزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم اور ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولوں میں معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مانیٹرنگ کے نظام کو مزیدموثر، فعال اور شفاف بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی شعبے میں بہتری لانا اور طلبہ کو بہتر، سازگار اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار میں بہتری، طلبہ کی حاضری میں اضافے اور تدریسی عمل کے موثر نفاذ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں اور سرکاری سکولوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس کے اختتام پر محکمہ تعلیم سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ضلع سوات میں تعلیمی نظام کی مزید بہتری، مانیٹرنگ کے موثر نظام اور طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعدد اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

متعلقہ عنوان :