Live Updates

سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن کا ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مسافروں سے زائد کرایہ وصول کا نوٹس

جمعرات 20 اگست 2026 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2026ء) سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مسافروں سے زائد کرایہ وصول کیے جانے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کو کرایوں میں کمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، کسی بھی ٹرانسپورٹر کو مسافروں سے من مانا یا زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مختلف روٹس پر نگرانی مزید موثر بنائی جائے اور زائد کرایہ وصولی کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات