جشن آزادی پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے

جمعہ 21 اگست 2026 18:05

جشن آزادی پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونے والی جشن آزادی پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن تھے،جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔چیمپئن شپ میں11 کیٹیگریز کے مقابلوں میں120 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ چیمپئن شپ سے بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہےجبکہ سپورٹس بورڈ پنجاب کی اکیڈمیز حکومت کی پالیسی کے مطابق کام کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ستمبر سے نومبر تک سکولز کی سطح سے لیکر یونیورسٹی سطح تک مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈوومنٹ فنڈ سکالرشپس کھلاڑیوں کو ایتھلیٹس کارڈ کے ذریعے بینک آف پنجاب کے تعاون سے دی جائیں گی،جس سے سکالرشپ کے عمل میں شفافیت آئے گی۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے مینز سنگلز فائنل میں اسد زمان نے عمر کو 8-2 سے شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔ بوائز انڈر18 فائنل میں محمد ایان نے محمد معاز کو7-5 سے ہرایا۔گرلز ڈبلز فائنل میں حاجرہ سہیل اور زئینا عبداللہ فاتح قرار پائیں جبکہ بوائز ڈبلز انڈر 18 میں محمد معاز اور محمد ایان نے میدان مار لیا۔گرلز انڈر14 فائنل میں حاجرہ سہیل نے خدیجہ خلیل کو6-0 سے شکست دی۔چیمپئن شپ میں انڈر6 سے انڈر18 تک گرلز اور بوائز کے مقابلے ہوئے۔ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اور سابق انٹرنیشنل ٹینس سٹار رشید ملک نے اختتامی تقریب میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن کو سووینئر بھی پیش کیا۔