پولیس مقابلہ کے دوران دو ڈاکو ہلاک ، دو فرار

جمعہ 21 اگست 2026 23:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2026ء) فیصل آباد میں دربار گھنگرو سائیں کے قریب پولیس مقابلہ کے دوران 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ سول لائن کے علاقہ زرعی یونیورسٹی روڈ دربار گھنگرو سائیں کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران 2 ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔پولیس رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او تھانہ کوتوالی انسپکٹر ارسلان باری نے ٹیم کے ہمراہ چنیوٹ بازار کے باہر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔

(جاری ہے)

اس دوران پولیس 4 مشکوک موٹر سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ تعاقب کے بعد پولیس نے ڈاکوؤں کو دربار گھنگرو سائیں کے قریب گھیر لیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس نے 2 ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ انکے دیگر 2 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے ۔پولیس حکام کے مطابق ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت شہباز عرف موٹا اور شعیب کے نام سے ہوئی جو چوری ڈکیتی اور راہزنی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات کے ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھے۔