Live Updates

کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون، پرس اور گاڑی برآمد، 2 ساتھی فرار

ہفتہ 22 اگست 2026 12:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2026ء) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ مسلح ملزمان کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون، پرس اور ایک گاڑی برآمد ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود اٹک پیٹرول پمپ کے قریب پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے کے بعد محمد عمران ولد محمد شبیر اور محمد زاہد ولد محمد اکبر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2 عدد 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز، چوری شدہ موٹر سائیکل، موبائل فون اور 2 پرس برآمد ہوئے۔پولیس کے مطابق لانڈھی میں اندرون روڈ 36 بی، عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان سے مبینہ مقابلے کے دوران عاطف ولد الف خان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول اور راؤنڈز برآمد کیے گئے۔دوسری جانب ضلع ساؤتھ پولیس نے خیابانِ غالب، اسٹریٹ 31 کے قریب دورانِ گشت ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں سوار ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ریاض ولد محمد بخش کو شدید زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقابلہ ساحل تھانے کی حدود میں ہوا، جہاں گرفتار ملزم کے قبضے سے سفید آلٹو گاڑی نمبر بی ٹی ایس-533 اور 30 بور پستول بمعہ راؤنڈز برآمد کیے گئے۔پولیس نے بتایا کہ چاروں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات