جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مقامی تعلیمی ادارے میں پروقار تقریب کا انعقاد ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی بطور مہمان خصوصی شرکت

اتوار 23 اگست 2026 16:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2026ء) جشن عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے مقامی تعلیمی ادارے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ اتوارکومنعقدہ تقریب میں اساتذہ، طلبہ، معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور رحمت ہے، آپ ﷺ نے انسانیت کو محبت، اخوت، مساوات، عدل و انصاف، برداشت اور حسنِ اخلاق کا درس دیا، جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ منانے کا حقیقی مقصد صرف خوشی کا اظہار نہیں بلکہ سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہے، ہمیں چاہیے کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے کردار و عمل سے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے، اسے سیرتِ رسول ﷺ، اسلامی اقدار اور اعلیٰ اخلاقی اصولوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تعلیمی ادارے اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے علم حاصل کرنے، عدل قائم کرنے، کمزوروں کا خیال رکھنے، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور انسانوں کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دی، اگر ہم ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرلیں تو معاشرے سے نفرت، انتہا پسندی، ناانصافی اور انتشار کا خاتمہ ممکن ہے۔اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔