پنجاب میں تھیٹر کی بحالی وزیراعلی مریم نواز کا مشن ہے‘ عظمی بخاری

الحمرا ء کے تھیٹر ڈراموں میں خاندانوں کی بھرپور شرکت تھیٹر کی عوامی پذیرائی کا ثبوت ہے‘ وزیراطلاعات

جمعہ 11 ستمبر 2026 19:25

پنجاب میں تھیٹر کی بحالی وزیراعلی مریم نواز کا مشن ہے‘ عظمی بخاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2026ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب میں ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ، تھیٹر کی بحالی، محفوظ بسنت اور پاکستان و برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط مزید مستحکم کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات سید طاہر رضا ہمدانی اور برطانوی ہائی کمیشن کے سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اویس شاہ بھی موجود تھے۔

برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن نے ثقافتی شعبے میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے اقدامات کو سراہا اور پنجاب میں محفوظ بسنت میلے کے کامیاب انعقاد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ثقافتی میلوں کی بحالی کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مجھے ذاتی طور پر پنجاب کی شاندار ثقافت کے بارے میں جاننے میں لطف آتا ہے۔

انہوں نے الحمرا آرٹس کونسل کی تزئین و آرائش کے منصوبے کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب میں بسنت 2027 کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں، گزشتہ سال بھی لاہور میں بہت اچھی بسنت منائی گئی۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں تھیٹر کی بحالی وزیراعلی مریم نواز کا مشن ہے۔ پنجاب میں فیملی تھیٹر کو بحال کیا جا رہا ہے جبکہ تھیٹر کی بحالی اور فحاشی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھیٹر کی بحالی کے فروغ کے لیے الحمرا میں کامیاب اسٹیج ڈرامے پیش کیے گئے ہیں۔ الحمرا کے تھیٹر ڈراموں میں خاندانوں کی بڑی تعداد میں شرکت عوامی پذیرائی کا ثبوت ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہیں۔ پنجاب اور برطانوی ہائی کمیشن لاہور مل کر ثقافت کے شعبے میں کام کر سکتے ہیں۔ انہوں نے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن کو کلچر فیسٹیول میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ملاقات کے اختتام پر وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے برطانوی ہائی کمیشن لاہور کے سربراہ بین وارنگٹن کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔