ّآئی جی آزاد کشمیر کا اہم بیان، احتجاج کی آڑ میں شرپسندی اور فورسز پر حملوں کا الزام

منگل 25 اگست 2026 22:33

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2026ء) آئی جی آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کالعدم ایکشن کمیٹی کے مظاہرین پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔آئی جی آزاد کشمیر نے دعویٰ کیا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی سڑکیں کھود کر تباہ کیں اور درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کے حوالے کیے۔

ان کے مطابق احتجاج کے باعث آزاد کشمیر میں سیاحت اور تعلیم کا شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے اپنے کارندے یہ کہتے رہے کہ بازار اور مارکیٹیں بند کر دی جائیں گی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ فورسز کے جوان مظاہرین کے ہاتھوں شہید جبکہ سیکڑوں اہلکار زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق بعض شرپسند خواتین کو ڈھال بنا کر چھپتے اور فورسز پر فائرنگ کرتے ہیں۔

آئی جی آزاد کشمیر نے کہا کہ فورسز کی جانب سے فائرنگ کا جواب نہیں دیا جا رہا بلکہ اہلکار صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ جدید اور ممنوعہ ہتھیاروں، ایم 4 اور ایم 7 سے لیس افراد کون سے پرامن احتجاج کا حصہ ہیں کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ لوگوں کا روزگار متاثر کرنے، بے گناہ افراد کو قتل و اغوا کرنے اور فورسز کی چوکیوں پر گرینیڈ حملے کرنے والے افراد کو ہرگز پرامن نہیں کہا جا سکتا۔