یوایس منٹ نے صدر ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری سکے جاری کردیئے

فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 ستمبر 2026 15:40

یوایس منٹ نے صدر ٹرمپ کی تصویر والے یادگاری سکے جاری کردیئے
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 ستمبر ۔2026 ) امریکی وزارتِ خزانہ کے ذیلی ادارے یو ایس منٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر والے ایک ڈالر کے یادگاری سکے جاری کردیئے ہیں، جس کے بعد ٹرمپ گزشتہ ایک صدی کے دوران امریکی کرنسی پر نظر آنے والے پہلے زندہ صدر بن گئے ہیں. امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے گئے سکے پر ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ ”ہم خدا پر یقین رکھتے ہیں“ (In God We Trust) کی عبارت بھی درج ہے یو ایس منٹ نے 25 سکوں کے ایک رول کی قیمت 61 ڈالر جبکہ 100 سکوں کے تھیلے کی قیمت 154.50 ڈالر مقرر کی تھی، تاہم فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی ویب سائٹ پر سکے ’فی الحال دستیاب نہیں‘ دکھائی دینے لگے.

(جاری ہے)

امریکی قانون کے تحت کسی زندہ شخص کی تصویر امریکی کرنسی پر چھاپنے کی اجازت نہیں تاہم ٹرمپ کے اتحادیوں نے کانگریس میں اس حوالے سے قانون سازی کی تجویز پیش کی ہے تاہم اس وقت سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی قانون سازی کی پوزیشن میں نہیں رہی کیونکہ صدر ٹرمپ کو اپنی پالیسیوں کے باعث پارٹی کے اندر بھی مخالفت کا سامنا ہے. اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے صدر ٹرمپ کی تصویر والا 250 ڈالر کا نوٹ جاری کرنے کی منصوبہ بندی کا بھی ذکر کیا تھا جسے بعض امریکی صحافیوں اور تجزیہ نگاروں نے خوشامدکی انتہا قراردیا تھا‘امریکی شہریوں کی جانب سے بھی پاسپورٹ اور کرنسی پر صدر کی تصویر چھاپنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے‘ریپبلکن پارٹی کے اندر صدر ٹرمپ کے ناقدین انہیں خودپسند قراردیتے ان کا کہنا ہے کہ صدرہر چیزیہاں تک کہ وائٹ ہاﺅس کے ”ٹوائلٹس“پر اپنی تصویردیکھنا چاہتے ہیں یاد رہے کہ ماضی میں ایک زندہ صدر کی تصویر امریکی سکے پر شامل کی جاچکی ہے 1926 میں امریکا کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر جاری کیے گئے نصف ڈالر کے سکے پر اس وقت کے صدر کیلون کولیج کی تصویر موجود تھی.