پنجاب اسمبلی اجلاس ،دو سالوں میںچار ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 2 ارب سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئی

شہریوں سے 2 ارب وصول کرنے کے باوجود ابتک صوبے میں 11لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا اجراء نہیں ہو سکا‘پارلیمانی سیکرٹری

جمعرات 3 ستمبر 2026 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) پنجاب اسمبلی کے ایوان کو بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں گزشتہ دو سالوں کے دوران چار ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 2 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کی گئی جبکہ پارلیمانی سیکرٹری محکمہ ایکسائز نے اعتراف کیا کہ شہریوں سے 2 ارب روپے وصول کرنے کے باوجود ابتک صوبے میں 11لاکھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا اجراء نہیں ہو سکا،کورم پورا نہ ہونے پراجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس 1 گھنٹہ 57 منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر پرسن سمیع اللہ خان کی صدارت میں شروع ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری محمد شہریار نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بارے سوالات کے جوابات دئیے ۔پینل آف چیئر پرسن نے رولنگ دیتے ہوئے کہاکہ ممبران کی غیر موجودگی میں آئندہ وہ سوالات ملتوی کئے جائیں گے جن کی درخواست خود ممبر اپنے دستخطوں سے دیں گے۔

(جاری ہے)

نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رکن نیلم جبار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 1131 دکانوں کی مسماری کے خلاف بات کرتے ہوئے کہاکہ سینکڑوں دکانوں کی مسماری کے حکم پر شہر میں بے چینی پائی جاتی ہے ،اس معاملے پر کمیٹی بنائی گئی لیکن اس کے احکامات پر عملدرآمد نہیںکیا جارہا ہے۔مسلم لیگ (ن)کے رکن امجد علی جاوید نے بھی دکانوں کی مسماری پر پیپلز پارٹی کی رکن کا ساتھ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

پینل آف چیئر پرسن نے ہدایت کی کہ اگر ہماری کمیٹی کی ہدایات پر عمل نہیں ہوتا تو تحریک استحقاق جمع کروائیں۔حکومتی رکن طاہر پرویز نے اپنے توجہ دلائو نوٹس پر بات کرتے ہوئے کہاکہ بار بار یہ یاد دہانی کروائی گئی کہ وزرا ء کو ایوان میں آنا چاہیے۔توجہ دلائو نوٹس کے دوران وزیر کا ہونا ضروری ہے ،وزرا ء کی حاضری کیلئے سپیکر سمیت پینل آف چیئرنے بھی متعدد بار ہدایات دی تھیں۔ سرکاری کارروائی کے دوران اپوزیشن رکن ندیم قریشی نے کورم کی نشاندہی کردی ،کورم پورا نہ ہونے پرپانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد پینل آف چیئر پرسن نے پنجاب اسمبلی کااجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔