بلوچستان اسمبلی ،پنجگور، خضدار، دالبندین اورژوب سے پروازیں چلانے سمیت چار قراردادیں ،انسداددہشت گردی بلوچستان کاترمیمی مسودہ قانون منظور

جمعرات 3 ستمبر 2026 22:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2026ء) بلوچستان اسمبلی نے پنجگور، خضدار، دالبندین اورژوب سے اندرون صوبہ اور ملک پروازیں چلانے سمیت چار قراردادوں اور انسداددہشت گردی بلوچستان کاترمیمی مسودہ قانون منظور کرلیا،غیر قانونی ٹرالنگ کو روکنے کے لیے کی گئی کاروائیوں سے متعلق توجہ دلاو نوٹس پارلیمانی سیکرٹری برائے ماہی گیری کی یقین دھانی پر نمٹا دیا گیا ۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بی این پی عوامی کے رکن میر اسد اللہ بلوچ نے پنجگور، خضدار، دالبندین اور ژوب سے اندرون صوبہ اور ملک پروازیں چلانے ، جے یوآئی (ف) کے اصغر علی ترین نے سندھ میں پشتون تاجروں کے خلاف کاروائیوں کی تحقیقات ،حق دو تحریک کے مولانا ہدایت الرحمن نے صوبے میں منشیات کے اڈوں کے خلاف کارروائیاور عادی نوجوانوں کے لیے خصوصی بحالی مراکز کے قیام ، جمعیت علماء اسلام کے رکن سید ظفر آغا صوبے میں کینسر کے علاج کے لیے ہسپتال کے قیام کی قراردادیں پیش کیں جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیالا نگو نے انسداد دہشتگردی بلوچستان کا ترمیمی مسودہ قانون پیش کیا ۔جسے ایوان میں ووٹنگ کے بعد منظور کرلیا ۔اجلاس میں دو سالوں کے دوران غیر قانونی ٹرالنگ کو روکنے کے لیے کی گئی کاروائیوں سے متعلق مولانا ہدایت الرحمن کا توجہ دلاونوٹسز پارلیمانی سیکرٹری ماہی گیری برکت رند کی یقین دھانی پر نمٹا دیا گیا،محکمہ کھیل اور محکمہ سیاحت سے متعلق سوالات متعلقہ وزرا کی عدم موجودگی کے باعث موخر کردئیے گئیجس کے بعد اجلاس پانچ ستمبر کی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔