جنگ بندی کے لیے قطرکی سفارتی کوششیں تیز‘قطری وزیراعظم کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ سے ملاقات

شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی اور وانگ یی کے درمیان ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتِ حال اور کشیدگی میں کمی پر تبادلہ خیال کیا گیا. قطری وزارت خارجہ کا پیغام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 8 ستمبر 2026 17:58

جنگ بندی کے لیے قطرکی سفارتی کوششیں تیز‘قطری وزیراعظم کی بیجنگ میں ..
بیجنگ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 ستمبر ۔2026 ) قطر کے وزیر اعظم اور وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے منگل کے روز بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی قطری وزارت خارجہ کی جانب سے” ایکس “پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں خطے کی حالیہ صورتِ حال اور کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بات چیت ہوئی.

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہازرانی کے تحفظ اور آزادی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سمندری آمد و رفت کی آزادی کو یقینی بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنے والی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے.

رائٹرز کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے قطر کے وزیراعظم کو بتایا کہ خلیج میں کشیدگی نے نہ صرف خطے کے ممالک کی سلامتی کو شدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ یہ توانائی کی منڈیوں، جہازرانی اور رسد کے سلسلوں کے استحکام کو مسلسل متاثر کر رہی ہے چین کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق بیجنگ میں ہونے والی ملاقات کے دوران وانگ یی نے کہا کہ بندوقوں اور توپوں کے ذریعے دباﺅ ڈالنا مسئلے کا حل نہیں بات چیت اور مذاکرات ہی درست راستہ ہیں.

وانگ یی نے کہا کہ چین خطے کے مسائل میں ثالثی اور امن کے فروغ کے لیے قطر کی وسیع کوششوں کو سراہتا ہے اور بین الاقوامی اور علاقائی امور پر قطر کے ساتھ رابطے اور ہم آہنگی جاری رکھنے کا خواہاں ہے.