گلشن اقبال ٹاؤن میں نئے پراپرٹی ٹیکس آفس کا افتتاح

شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس سے متعلق تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی، آمدنی شفاف انداز میں علاقے کی ترقی اور عوامی فلاح پر خرچ ہوگی، ڈاکٹر فواد احمد

بدھ 9 ستمبر 2026 21:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2026ء) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے ٹاؤن کے مرکزی دفتر میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے پراپرٹی ٹیکس آفس کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس شرف شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد مجتبیٰ، فرحات اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی اور عوامی خدمات کے معیار کا براہ راست انحصار مستحکم مالی وسائل اور آمدنی کے مؤثر ذرائع پر ہوتا ہے، اسی ضرورت کے پیش نظر گلشن اقبال ٹاؤن میں جدید سہولیات سے آراستہ پراپرٹی ٹیکس آفس قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے دفتر کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس سے متعلق تمام ضروری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا اور ان کے مسائل بروقت، شفاف اور بہتر انداز میں حل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کو ٹیکس سے متعلق معلومات، معاملات کے حل اور دیگر ضروری خدمات کیلئے مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت کم ہوگی۔چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کی خدمت اور انہیں بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہے۔

پراپرٹی ٹیکس سمیت آمدنی کے دیگر ذرائع کو مؤثر بنانے سے ٹاؤن کے مالی وسائل میں بہتری آئے گی، جس کے نتیجے میں علاقے میں ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی شفاف طریقے سے علاقے کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود، ترقیاتی کاموں اور بلدیاتی سہولیات کی بہتری پر خرچ کی جائے گی۔

انتظامیہ مالی معاملات میں شفافیت اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ عوام کا پیسہ عوام ہی کی خدمت اور ان کے علاقوں کی ترقی پر خرچ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور بلدیاتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔