آلو کی کاشت کیلئے 1200سے 1500کلو فی ایکڑ بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ بیج استعمال کرناچاہیے،ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 11 ستمبر 2026 15:27

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2026ء) ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمودنے کاشتکاروں کو آلو کی موسم خزاں کی فصل کی کاشت شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ آلو کی کاشت کیلئے 1200 سے 1500کلو گرام فی ایکڑ بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ بیج استعمال کرناچاہیے اور بیج کو کاشت سے کم از کم 10 روز پہلے نکال کر خشک جگہ پر پھیلا دیناچاہیے تاکہ خوابیدگی کی حالت میں موجود بیج اپنے آ پ کو موسمی حالات اور درجہ حرات کے مطابق ڈھال لے۔

انہوں نے کہا کہ آلو کی موسم خزاں کی کاشت ستمبر کے دوسرے عشرہ میں شروع کرکے اکتوبر کے دوسر ے عشرہ تک مکمل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ملک میں آلو کی 2فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک فصل موسم خزاں اور دوسری موسم بہار کی فصل کہلاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آلو کی بہترین کاشت اور اچھی فصل کے حصول کیلئے 28 سے32 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت انتہائی موزوں ہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ موسم خزاں میں کاشتہ فصل کی برداشت جنوری میں کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کاشتکار بیج والی فصل کو 10 اکتوبر تک کاشت کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد سفید، فیصل آباد سرخ، ڈیزائری، کارڈینل، ڈایامینٹ، ایس ایچ 5 نامی اقسام شاندار پیداوار کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری، بیج کی مقررہ مقدار، کھادوں کی فراہمی بھی ماہرین زراعت کی مشاورت کے مطابق یقینی بنائیں تاکہ بمپر کراپ حاصل ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :