افسوس کی بات ہے بہت سے لوگ اب ’وینا ملک‘ کی طرح وائرل ہونا چاہتے ہیں، حنیف عباسی

موجودہ حالات میں سیاست سنجیدگی، ذمہ داری اور کارکردگی کا نام ہے، عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ سیاست دان کی سیاسی کارکردگی اور ماضی کیا ہے، تقریب سے خطاب

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 11 ستمبر 2026 17:14

افسوس کی بات ہے بہت سے لوگ اب ’وینا ملک‘ کی طرح وائرل ہونا چاہتے ہیں، ..
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر 2026ء)   وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ آج کل سیاست سمیت مختلف شعبوں میں سنجیدہ مسائل پر توجہ دینے کے بجائے ہر کوئی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی کوشش میں مصروف ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ لوگ ’’وینا ملک بننے‘‘ کے چکر میں ہیں اور سیاست دان بھی یہ سوچ رہے ہیں کہ کسی طرح ان کی کوئی بات سوشل میڈیا پر وائرل ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کئی دوستوں سے کہتے ہیں کہ دعا کریں ایسی کوئی بات وائرل نہ ہو تو بہتر ہے۔
 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں سیاست سنجیدگی، ذمہ داری اور کارکردگی کا نام ہے۔ سیاست دانوں کو اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کو بتانا چاہیے کہ وہ کس حیثیت سے ان کے سامنے کھڑے ہیں اور انہوں نے عوام کے لیے کیا کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو یہ جاننے کا حق ہے کہ سیاست دان کی سیاسی کارکردگی اور ماضی کیا ہے۔ اگر کسی شخص کو تین مرتبہ رکن اسمبلی منتخب کیا گیا یا دو مرتبہ وزیر بننے کا موقع ملا تو اس کی کارکردگی اور دیگر ذمہ داریوں کے بارے میں بھی سوال ہونا چاہیے۔ حنیف عباسی نے زور دیا کہ سیاست کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کی دوڑ کے بجائے عملی کارکردگی سے جوڑا جانا چاہیے۔