موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات، 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر

بدھ 16 ستمبر 2026 15:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2026ء) موبائل ٹاورز میں چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 11 ماہ کے دوران ملک بھر میں 9 ہزار 200 سے زائد چوری اور تخریب کاری کے واقعات ریکارڈ کیے گئے جن کے باعث ملک بھر کی 16 فیصد سیلولر سائٹس متاثر ہوئیں۔پی ٹی اے کے مطابق تمام موبائل آپریٹرز کو موبائل ٹاورز پر چوری اور توڑ پھوڑ کے واقعات کی بروقت ایف آئی آر درج کروانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مقدمات کی منطقی انجام تک پیروی کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔

موبائل ٹاورز اور انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وزارت قانون، پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کے درمیان مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹیلی کام کمپنیوں سے بھی مسائل کے حل کے لیے تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی اے کے مطابق ٹیلی کام سائٹس کے لیے خصوصی بجلی کے ٹاورز اور سمارٹ گرڈ سسٹم پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں نیپرا، پاور ڈویژن اور ڈسکوز سے ٹیلی کام سائٹس کو انڈسٹریل پاور ٹیرف کی فراہمی پر مذاکرات بھی جاری ہیں۔ٹیلی کام سائٹس پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے سیکرٹری ایم او آئی ٹی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس کے تحت ایکسپریس فیڈرز اور سمارٹ ٹرانسفارمرز کے ذریعے ٹیلی کام ٹاورز کو بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔