بینظیربھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر مستعفی

ملازمین کے ایک گروپ کا مسلسل دباؤ، سیاسی محرکات رکھنے والے احتجاج سے انتظامی امور متاثر ہوئے، استعفے میں مؤقف

بدھ 30 ستمبر 2026 17:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2026ء) بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید حسین مہدی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق وائس چانسلر نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ سندھ کو بھجوا دیا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ملازمین کے ایک گروپ کی جانب سے ان پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

استعفے میں کہا گیا ہے کہ سیاسی محرکات رکھنے والے ملازمین کے احتجاج اور مطالبات کے باعث انتظامیہ پر دباؤ بڑھا، جبکہ ملازمین کے دباؤ کے ذریعے رجسٹرار کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا تھا۔ڈاکٹر سید حسین مہدی نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی فیصلے ملازمین کے دباؤ کے بجائے قانون اور ضابطے کے مطابق ہونے چاہئیں۔ اگر ملازمین کے دباؤ پر فیصلے ہونے لگے تو یونیورسٹی میں انتظامی معاملات کے حوالے سے نئی مثال قائم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل دباؤ اور رکاوٹوں کے باعث یونیورسٹی کے انتظامی امور چلانا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ موجودہ حالات میں یونیورسٹی کے مفادات کا مؤثر تحفظ بھی مشکل ہے۔