پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو کا وفد کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ ،تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا

بدھ 30 ستمبر 2026 22:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2026ء) پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر ہان سنگ ہو نے وفد کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی میں تعلیمی و تحقیقی تعاون کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا۔ وفد میں جمہوریہ کوریا کے سفارتخانے کے دفاعی اتاشی کرنل کم جن وو اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (کوئیکا) پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ڈونگ گل اوہ بھی شامل تھے۔

قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے وفد کا استقبال کیا اور یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں، تحقیقی سرگرمیوں اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم یونیورسٹی میں ملک کے تمام علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں جبکہ قدرتی، حیاتیاتی اور سماجی علوم کے شعبوں میں یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی صلاحیتیں نمایاں ہیں۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں وظائف، مشترکہ تحقیقی منصوبے اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگرام شامل ہیں۔ کورین سفیر ہان سنگ ہو نے تعلیمی تعاون سے متعلق مجوزہ اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے قائداعظم یونیورسٹی کے متنوع تعلیمی ماحول کو سراہا۔

انہوں نے یونیورسٹی میں غیر ملکی طلبہ، بالخصوص کورین طلبہ کی موجودگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم کرنے کے لیے تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی حمایت کی۔ اس موقع پر شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر ایاز حسین نے کوئیکا کے تعاون سے مصنوعی ذہانت اور کمپیوٹنگ کے لیے تحقیقی مرکز کے قیام کے حوالے سے جاری تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں مزید تعاون کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔ ملاقات میں اسکول آف پولیٹکس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد ندیم مرزا اور ڈائریکٹر طلبہ امور ڈاکٹر سمر اقبال بابر بھی موجود تھے۔