رونالڈو کے بیٹے رونالڈو جونیئر کے مستقبل کے حوالے سے افواہوں کا بازارگرم

پیر 5 اکتوبر 2026 15:06

رونالڈو کے بیٹے رونالڈو جونیئر کے مستقبل کے حوالے سے افواہوں کا بازارگرم
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2026ء) فٹبال کی دنیا کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو کے بیٹے رونالڈو جونیئر کے مستقبل کے حوالے سے افواہوں کا بازار گرم ہوگیا ہے، کہا جارہا ہے کہ وہ پرتگال کے بجائے اسپین کی نمائندگی پر غور کررہے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 سالہ رونالڈو جونیئر مبینہ طور پر اپنا انٹرنیشنل کیریئر پرتگال سے اسپین منتقل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

تاہم، اب تک اس بات کی کوئی مصدقہ یا مستند معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر نہ تو خود رونالڈو جونیئر، نہ ہی ان کے خاندان اور نہ ہی پرتگالی یا ہسپانوی فٹبال فیڈریشنز کی جانب سے کوئی سرکاری بیان یا تصدیق کی گئی ہے۔یہ افواہیں اس وقت زیادہ گرم ہوگئیں جب رونالڈو جونیئر کو ایک ہسپانوی اکیڈمی کے ٹریننگ کیمپ میں پریکٹس کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اسپین میں ان کی ٹریننگ کی تصاویر نے کافی توجہ حاصل کی ہے، جس کے بعد یہ سوالات اُٹھ گئے ہیں کہ آیا وہ پرتگال سے باہر فٹبال کا کوئی نیا ماحول اپنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق کسی دوسرے ملک میں ٹریننگ کرنا اس بات کا قطعی ثبوت نہیں ہے کہ کھلاڑی کسی اور ملک منتقل ہونے کا سوچ رہے ہیں یا وہ کسی دوسری قومی ٹیم کی نمائندگی کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ رونالڈو جونیئر اس سے قبل پرتگال کی یوتھ ٹیموں کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے 2025 اور 2026 کے دوران پرتگال کی انڈر 16 (U16) ٹیم کے لیے میچز کھیلے ہیں اور یوتھ ٹیم کے لیے گول بھی اسکور کیے ہیں۔