مشرقی الجیریا کے شورش زدہ علاقے کبیلی میں ایک جھڑپ کے دوران 14 فوجی ہلاک

منگل 22 اپریل 2014 06:51

الجائرز(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22اپریل۔2014ء) مشرقی الجیریا کے شورش زدہ علاقے کبیلی میں ایک جھڑپ کے دوران 14 فوجی ہلاک ہوگئے۔ الجیریا کے سرکاری خبر رساں ادارے اے پی ایس نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز نیشنل آرمی (اے این پی) کے قافلے پر دہشت گردوں کی جانب سے اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ علاقے سے ایک آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہا تھا۔

اس جھڑپ میں 11 فوجی موقع پر ہی ہلاک جبکہ تین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے کے بعد علاقے میں فوری طور پر سرچ آپریشن شروع کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ایک اور ذرائع نے کہا کہ اس جھڑپ میں درجنوں فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ واقعہ کے بعد مزید فوجی اس علاقے میں بھیج دئیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی جانب سے یہ حملہ دونوں گاؤں کی سرحد پر واقع پہاڑی علاقے میں کیا گیا جس کے بعد حملہ آور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ادھر وزارت دفاع نے کہا ہے کہ علاقے میں دہشت گردوں کیخلاف فوجی آپریشن جاری رہے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے تین ماہ میں کبیلی میں فوجی آپریشن کے دوران 21 دہشت گرد مارے گئے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 37 دہشت گرد فوجی آپریشن کے نتیجے میں مارے گئے۔

متعلقہ عنوان :