لاہور اورپاکستان میٹروبس پراجیکٹس کے فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا فیصلہ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا اجلاس ،فیڈر روٹس پر بسیں چلنے سے شہریوں کو میٹروبس سٹیشنز پر آنے جانے کی سہولیات میسر آئیں گی:شہباز شریف، منصوبے کی تکمیل کے بعد ملتان میٹروبس پراجیکٹ کے فیڈرروٹس پر بھی نئی بسیں چلیں گی، خود کار کرایہ سسٹم متعارف کرایا جا ئے گا،پنجاب حکومت نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچانے کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں ،میٹروبس پراجیکٹس نے ٹرانسپورٹ سسٹم میں انقلاب برپا کر دیا ہے، اورنج لائن میٹرو ٹرین پنجاب حکومت کا ایک اور عظیم منصوبہ ہے،اورنج لائن میٹروٹرین کا شاندار منصوبہ شفافیت، معیار اور فن تعمیر کا اعلی شاہکار ہو گا،وزیر اعلی کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 27 فروری 2016 09:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 27فروری۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 8واں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور اور پاکستان(راولپنڈی اسلام آباد) میٹروبس پراجیکٹس کے فیڈر روٹس پر نئی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا-وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعدملتان میٹروبس پراجیکٹ کے فیڈرروٹس پر بھی نئی بسیں چلیں گی-فیڈر روٹس پر بسیں چلنے سے شہریوں کو میٹروبس سٹیشنز پر آنے جانے کی سہولت میسر آئے گی اور ان فیڈرروٹس پر چلنے والی بسوں کے لئے خود کار کرایہ سسٹم متعارف کرایا جا ئے گا- انہو ں نے کہا کہمیٹرو بس سسٹم کے جدید نظام سے عوام کو بہترین اور باکفایت سفری سہولیات میسر آئی ہیں -میٹروبس پراجیکٹس نے ٹرانسپورٹ سسٹم میں انقلاب برپا کر دیا ہے - لاہور اورپاکستان میٹروبس پراجیکٹس کی شاندار کامیابی کے بعد ملتان میں میٹروبس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پنجاب حکومت کا ایک اور عظیم منصوبہ ہے - میٹروٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کو سفر کی باوقار ، تیز رفتار اور آرام دہ سہولیات میسر آئیں گی -اورنج لائن میٹروٹرین کا شاندار منصوبہ شفافیت، معیار اور فن تعمیر کا اعلی شاہکار ہو گا- انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے منصوبوں میں قوم کے اربوں روپے بچانے کی اعلی مثالیں قائم کی ہیں - عوام کو معیاری ، جدید ، محفوظ اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی ہمارا ایجنڈا ہے اورقومی مفاد بے حد مقدم ہے، اسی لئے منصوبوں میں اربوں روپے بچانے کا کلچر متعارف کرایا ہے - اجلاس میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے اور میٹرو بس سسٹم سے متعلقہ اہم امور کی منظوری بھی دی گئی-ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اجلاس کے دوران منصوبوں کے مختلف امور کے بارے میں بریفنگ دی- چیئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی مہر اشتیاق احمد، ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، اراکین صوبائی رمضان صدیق بھٹی، شیخ علاؤالدین ، خواجہ عمران نذیر، خواجہ احمد حسان، سابق ایم این اے حنیف عباسی، وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سبطین فضل حلیم ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :