سپریم کورٹ کے خلاف بیان،وزیرداخلہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

منگل 5 اپریل 2016 09:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اپریل۔2016ء)سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کا راستہ دینے اور اس ضمن میں تمام تر ذمہ داری سپریم کورٹ پر ڈالنے پروفاقی وزیر داخلہ چوہدر ی نثار علی خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی ،درخواست پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ کے بیان پر دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے عدالت کو ”ذمے وار “قرار دیا۔

(جاری ہے)

عدالت سے کہا گیا کہ اردو کا لفظ ذمہ د ار احتساب اور جواب دہی کے لئے استعمال ہوتا ہے ۔ آئین کے تحت وفاقی کابینہ تو پارلیمنٹ کے سامنے اجتماعی طور پر جوابدہ ہے لیکن وزیر داخلہ بتا ئیں سپریم کورٹ کس طور پارلیمنٹ کے روبرو جوابدہ ہو گی ۔ درخواست گزار شاہد اورکزئی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ ماورائے آئین ہے لیکن اس کی خامیوں کے باوجود وفاق نے نظرثانی کی درخواست گریز کیا اور ای سی ایل کے قانون کے بارے صدارتی ریفرنس دائر کرنے کی زحمت بھی نہ کی ۔