حوصلے پست نہیں ہوئے، دہشت گردی کا خاتمہ کر کے دم لیں گے: اوباما

نائن الیون امریکہ کے لیے سیاہ دن ثابت ہوا اور اپنے پیچھے بہت سی یادیں چھوڑ گیا، امریکی صدر کا نائن الیون کی پندرویں برسی پر خطاب

پیر 12 ستمبر 2016 10:35

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12ستمبر۔2016ء) امریکی صدر اوباما نے کہا ہے کہ نائن الیون کے حملے میں مرنے والوں کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ جب تک ایک بھی امریکی زندہ ہے نائن الیون اسی طرح عقیدت و احترام سے منایا جاتا رہے گا۔ نائن الیون کی پندرہویں برسی کے حوالے سے خطاب میں کہا ہے کہ کوئی بھی گیارہ ستمبر کو ہونے والی دہشت گردی کو نہیں بھول سکتا۔

واقعہ میں تین ہزار سے زائد ناحق لوگوں کی جانیں گئیں۔ ان کا کہنا تھا جب تک ایک بھی امریکی زندہ ہے نائن الیون اسی طرح عقیدت و احترام سے منایا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پندرہ سال قبل ستمبر کے اس دن کا آغاز تو عام دن کی طرح ہوا لیکن یہ دن امریکہ کے لیے سیاہ دن ثابت ہوا اور اپنے پیچھے بہت سی یادیں چھوڑ گیا۔ صدر اوباما کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون کے حملے کے نتیجے میں جن لوگوں کی جانیں گئیں انکا تعلق مختلف مذاہب اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تھا۔

(جاری ہے)

ہم جانے والوں کو نہ تو بھولے اور نہ ہی بھول سکتے ہیں لیکن دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیئے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہمارا ایک بھی دشمن زندہ ہے۔ ہمارے حوصلوں کو دہشت گرد کبھی بھی شکست نہیں دے سکتے۔ اس واقعہ نے بہت کچھ تبدیل کر دیا لیکن جو تبدیل نہ ہوا وہ ہمارا جوش و جذبہ ہے۔ یہی ہماری اقدار ہے اور اسی جذبے کا نتیجہ ہے کہ آئندہ کبھی بھی دہشت گرد دوبارہ امریکہ پر حملہ آور نہیں ہو سکتا ۔

متعلقہ عنوان :