گورنر پنجاب کی گورنمنٹ ایمرسن کالج کی تقریب میں شرکت، طالبعلمی کے دور کو یاد کر تے ہوئے اپنے کلاس فیلوز کے ذکر پہ آبدیدہ ہوگئے

اتوار 20 نومبر 2016 08:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20نومبر۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ گورنمنٹ ایمرسن کالج کی تقریب میں اپنے طالبعلمی کے دور کو یاد کر تے ہوئے اپنے کلاس فیلوز کے ذکر پہ آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ اس زمانے کی دوستیاں سچائی اور محبت پر مبنی ہوتی تھیں جس میں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ اس نے بڑے ہو کر کیا بننا ہے یہ پرانی یادیں اور بچپن کی دوستیاں ہمیشہ انسان کے ساتھ رہتی ہیں ۔

گورنر پنجاب نے اپنے بچپن کے کلاس فیلوز کا نام لیکر ذکر کیا اور بتایا کہ وہ آج بھی ان سے بڑی محبت اور خلوص سے ملتے ہیں۔ گورنر پنجاب تقریب میں آمد کے موقع پر کالج کے سابقہ طلبا ء اور اپنے کلاس فیلوز کے پاس خود چل کر گئے اور ان سے مصافحہ کیا ۔گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنمنٹ ایمرسن کالج کی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور گوادر بندر گاہ کے قیام سے ملک میں ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو رہا ہے یہ ترقی پورے پاکستان میں خوشحالی لائے گی اور خصوصی طور پر بلوچستان کی محرومیاں دور ہونگی۔

(جاری ہے)

ہمارے دشمن کو ہماری یہ ترقی ناگوار لگ رہی ہے جس پر وہ مختلف طریقوں سے نقصان پہنچا نے کی کوشش کر نا چاہتا ہے مگر ہم متحد ہیں اوردشمن کے ناکام عزائم کو خاک میں ملا دینگے۔ پاک چین راہداری سے پہلا تجارتی قافلہ بحفاظت پر امن طریقے سے گذرا اور ہماری بحریہ نے باحفاظت اس تجارتی جہاز کو پاکستان کی سمندری حدود سے گزارا ۔سی پیک ہماری ترقی و کامیابی کا زینہ ہے ۔ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ایل این جی کی درآمد سے گیس کی لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہوگی ۔بلوچستان میں ہو نیوالی دہشت گردی کے حوالے سے گورنر پنجاب نے کہا کہ ضرب عضب کے نتیجے میں حالات کافی بہتر ہوگئے ہیں اکا دکا دہشت گردی کے واقعات جو ہو رہے ہیں ان کا بھی بہت جلد خاتمہ ہو جائیگا۔

متعلقہ عنوان :