روسی اور امریکی صدور کے درمیان ٹیلیفون پرمشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

منگل 13 فروری 2018 12:33

ماسکو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 13 فروری 2018ء) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک بات چیت میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔روس کے ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق پیوٹن نے فلسطینی صدر محمود عباس سے مذاکرات کے دوران امریکی صدر سے ہونے والی بات چیت کا تذکرہ کیا۔

(جاری ہے)

روسی خبر رساں اداروں کی جانب سے کہا گیا کہ پیوٹن نے خطے کی صورتحال کو غیر تسلی بخش قرار دیا ہے۔محمود عباس نے امریکی سفارتخانے کی یروشلم منتقلی کے فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اس مسئلے کے حل کے لیے تنہا امریکی مصالحتی کردار کی کسی بھی صورت میں حمایت نہیں کرے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ فلسطین ایک کثیرالاطرافی ثالثی نظام کی مخالفت نہیں کرتا ہے جس میں امریکا بھی ثالثوں کے اس گروپ میں اپنا انفرادی کردار ادا کر سکتا ہے۔