ڈاؤ یونیورسٹی میں مالیکولر اور امینوڈائیگنوسٹک کے موضوع پر سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 20 اگست 2014 16:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مالیکیولر پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ نے امریکن سوسائٹی فار مائکروبیالوجی (اے ایس ایم)اور پاکستانی سوسائٹی فار مائکروبیالوجی (پی ایس ایم)کے باہمی اشتراک سے مالیکولر اور امینوڈائیگنوسٹک کے موضوع پر سہ روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد شرکاء کو تشخیص کے جدید طریقوں کی تربیت دینا تھا تاکہ کم وقت میں مختلف موذی امراض کی معیاری تشخیص کی جاسکے اور شرکاء کو ڈاؤ لیبارٹری میں موجود دنیا کی مایہ ناز تشخیصی مشینوں پر کام کرنے کی تربیت دی جائے تاکہ خودکار نظام کے ذریعے کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مریضوں کی معیاری تشخیص و معالجے کو ممکن بنایا جاسکے۔

ورکشاپ کے دوران ڈاؤ یونیورسٹی کے ماہرین نے شرکاء کو کینسر، ہیپاٹائٹس، ایڈز، ٹی بی، چھاتی کے سرطام، مدافعتی نظام اور مختلف متعدی بیماریوں کی مالیکولر اور امینوڈائیگنوسٹک کے جدید طریقوں کی تربیت دی۔

(جاری ہے)

اس ورکشاپ میں اندورن اور بیرونِ ملک سے شرکاء نے حصہ لیا۔ بیرونِ ملک سے آنے والے سائنسدان شرکاء کا تعلق کینیڈا، قطر، سعودی عرب اور دبئی سے تھا جبکہ اندورن سندھ سے آنے والے 50 سائنسدانوں، طلباء اور ڈاکٹروں کا تعلق 20سے زائد شہروں کی مختلف جامعات اور میڈیکل کالجوں سے تھا جن میں پشاور، مانسہرہ، ڈیرہ اسمٰعیل خان، گلگت، ہری پور، سرگودھا، لاہور، ملتان، اسلام آباد، خیرپور، کوئٹہ، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ اور کراچی وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن نے جدید سائنسی ایجادات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر میں ہونے والی جدید ایجادات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی میں جاری جدید تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنے والے ڈاؤ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسعود حمید خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر منتظمین کے کام کو سراہا۔

ورکشاپ کے منتظمین اور مالیکیولر پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سعید خان، پاکستان میں امریکن سوسائٹی فار مائکروبیالوجی کی سفیر پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج کاظمی اور ڈاکٹر آصف قریشی نے مالیکیولر اور امینوڈائیگنوسٹک کی سہولیات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب ورکشاپ پر منتظمین ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

پروفیسر ڈاکٹر شاہانہ عروج قاظمی نے امریکن سوسائٹی فار مائکروبیالوجی کے مختلف پروگراموں کی معلومات فراہم کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر طلعت رومی اور ڈاکٹر سمیدن سومرو نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر شاہین شرافت نے طفلیوں (پیراسائٹ) کی وجہ سے ہونے والے بیماریوں کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سعید خان نے جدید ترین تشخیصی سہولیات کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ڈاؤ لیبارٹری میں موجود جدید ترین سہولیات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء ، مقررین اور منتظمین میں اسناد تقسیم کی گئی۔

Browse Latest Health News in Urdu