Apni Madad Aap - Article No. 2380

Apni Madad Aap

اپنی مدد آپ - تحریر نمبر 2380

اب ہمیں یہاں سے ضرور چلے جانا چاہئے مجھے یقین ہے کہ یہ کھیت اب ضرور کٹے گا کیونکہ جو آدمی اپنا کام خود کرنے کیلئے تیار ہوتا ہے وہ کام ضرور ہوتا ہے

بدھ 26 اکتوبر 2022

ڈاکٹر جمیل جالبی
ایک چڑیا نے گیہوں کے کھیت میں گھونسلہ بنایا اور جب انڈوں سے بچے نکل آئے تو کھیت بھی پکنے کے قریب تھا۔ایک دن جب وہ دانہ دنکے کی تلاش میں جانے لگی تو اس نے بچوں سے کہا ”میرے بعد اگر کھیت کا مالک آئے یا اس کے گھر والے آئے تو ان کی باتیں غور سے سننا اور پھر مجھے بتانا وہ کیا باتیں کر رہے تھے۔

چڑیا کے جانے کے ذرا دیر بعد کھیت کا مالک آیا اور اپنے بیٹے سے کہنے لگا”میں سمجھتا ہوں کھیت پک چکا ہے۔کل صبح ہی صبح اپنے دوستوں کے پاس جاؤ اور ان سے کہو کہ کھیت کاٹنے میں ہماری مدد کریں۔“شام کو چڑیا واپس آئی تو بچے پر پھیلا کر چیں چیں کرکے اس کے آس پاس پھرنے لگے اور جو کچھ سنا تھا وہ بتانے لگے اور بولے ”اے ماں اب ہمیں یہاں سے جلد از جلد چلے جانا چاہئے کیونکہ کھیت کٹنے والا ہے۔

(جاری ہے)

“چڑیا نے کہا ”خاطر جمع رکھو۔“گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ”یاد رکھو جس کھیت کا مالک اپنے دوستوں اور پڑوسیوں پر بھروسہ کرتا ہے۔اس کا کھیت نہیں کٹتا مجھے یقین ہے یہ کھیت کل نہیں کٹے گا۔“
دوسرے روز چڑیا پھر باہر گئی اور جاتے ہوئے کہہ گئی کہ آج اگر مالک آئے تو اس کی باتیں غور سے سننا اور مجھے بتانا۔کچھ دیر بعد کھیت کا مالک آیا اور بہت دیر تک اپنے پڑوسیوں اور دوستوں کی راہ دیکھتا رہا لیکن وہاں کوئی نہ آیا۔
جب دھوپ تیز ہو گئی تو اپنے بیٹے سے کہنے لگا ”ان دوستوں اور پڑوسیوں کا کوئی بھروسہ نہیں بہتر ہے کہ تم اپنے چچا زاد اور بھائیوں سے کہو کہ کھیت کاٹنے میں ہماری مدد کریں۔“
یہ بات سن کر چڑیا کے بچے بہت ڈرے اور جیسے ہی چڑیا آئی تو پر پھیلا کر اور چیں چیں کرکے اس سے کہا کہ آج یہ بات ہوئی۔یہ سن کر چڑیا نے کہا بچو!خاطر جمع رکھو۔گھبرانے کی کوئی بات نہیں مجھے لگتا ہے کہ اس کے رشتہ دار اس کے کام نہیں آئیں گے۔
اگلے دن جب چڑیا دانے دنکے کی تلاش میں جانے لگی تو اس نے پھر کہا بچو!کھیت کے مالک کی باتیں غور سے سننا اور مجھے بتانا یہ کہہ کر وہ چلی گئی۔
کچھ دیر بعد کھیت کا مالک آیا اور بہت دیر تک اپنے بھائی اور بھتیجوں کا انتظار کرتا رہا لیکن وہاں کوئی نہ آیا۔جب دھوپ تیز ہو گئی تو اس نے اپنے بیٹے سے کہا ”اے میرے بیٹے دیکھا ہماری مدد کیلئے کوئی نہیں آیا اب تم دو درانتیاں تیز کرکے تیار رکھو کل ہم خود ہی اپنا کھیت کاٹیں گے۔
“یہ سن کر چڑیا کے بچے بہت ڈرے اور جیسے ہی ماں آئی اسے پر پھیلا کر اور چیں چیں کرکے سارا ماجرا سنانے لگے۔
یہ بات سن کر چڑیا نے کہا ”اے بچو!اب ہمیں یہاں سے ضرور چلے جانا چاہئے مجھے یقین ہے کہ یہ کھیت اب ضرور کٹے گا کیونکہ جو آدمی اپنا کام خود کرنے کیلئے تیار ہوتا ہے وہ کام ضرور ہوتا ہے۔یہ کہہ کر وہ اپنے بچوں کو اس کھیت سے دوسری جگہ لے گئی۔اگلی صبح کھیت کا مالک آیا اور بیٹے کے ساتھ مل کر کھیت کاٹنے لگا اور کھیت کاٹ لیا۔لیکن اُس سے پہلے چڑیا وہاں سے اپنے بچوں کو لے کر جا چکی تھی۔“

Browse More Moral Stories