Jashn E Nou Bahar - Article No. 2043

Jashn E Nou Bahar

جشن نو بہار - تحریر نمبر 2043

شیر نے دھاڑ کر اپنی صحت یابی کا اعلان کیا۔اسی خوشی میں جشن منانے کی تیاریاں ہو رہی تھیں

ہفتہ 21 اگست 2021

صدف جاوید،کراچی
ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی تھیں۔بہار کا موسم وادی نو بہار میں خوشی کا پیغام لایا تھا۔جنگل کا بادشاہ کافی عرصے بیمار رہنے کے بعد صحت یاب ہوا۔سارے جانور اسے صحت مند دیکھ کر خوش تھے۔
شیر نے دھاڑ کر اپنی صحت یابی کا اعلان کیا۔اسی خوشی میں جشن منانے کی تیاریاں ہو رہی تھیں۔جشن کی صبح کا آغاز پرندوں نے اپنے سریلے گیت سے کیا۔
پھر مور نے اپنے خوبصورت ناچ سے سب کا دل لبھایا۔اس کے بعد بھالو میاں کی باری آئی۔انھوں نے ایسے مزے مزے کے لطیفے سنائے کہ ہنستے ہنستے پیٹ میں بَل پڑ گئے۔آخر بی لومڑی کو کہنا پڑا:”بس کریں بھالو میاں!اب دوسروں کو بھی اپنا کمال دکھانے کا موقع دیں۔
پھر جانوروں کے درمیان دوڑ کا مقابلہ شروع ہوا۔

(جاری ہے)

جس میں ہرن،کتے اور بکرے نے اول،دوم اور سوم انعام حاصل کیا۔


تقسیم انعامات کے بعد شیر کو پھلوں اور پھولوں کی نمائش دیکھنے جانا تھا،جہاں سب بے چینی سے اس کی آمد کے منتظر تھے۔اچانک ایک دھماکا ہوا اور فضا دھندلی ہو گئی۔جشن افراتفری کا شکار ہو گیا۔سارے جانور جان بچا کر اِدھر اُدھر بھاگنے لگے۔پھول اور پھل زمین پر گر پڑے اور روندے جانے لگے۔ایسے میں شیر نے سب کو نظم و ضبط کے ساتھ رہنے کے لئے کہا۔

”ایسی حالت میں کون ایک جگہ صبر سے کھڑا رہ سکتا ہے۔“مرغا یہ کہتے ہوئے بکرے کے ساتھ بھاگ رہا تھا کہ شیر کی گونج دار دھاڑ نے ٹھہرنے پر مجبور کر دیا۔
فضا میں دھندلاہٹ کم ہوئی تو منظر صاف ہونے لگا۔شیر نے اردگرد نظر دوڑائی تو منکو بندر زخمی حالت میں پڑا نظر آیا۔اس کے ساتھ ہی سدا بہار کا پودا جھلسا ہوا تھا۔شیر نے حکیم گیدڑ کو ان کی مرہم پٹی کے لئے کہا۔
سب ہی دھماکے پر حیران پریشان تھے۔ٹنکی بندریا نے جان کی امان پاتے ہوئے عرض کیا:”منکو اکثر انسانوں کی دنیا میں جاتا ہے۔وہیں اس نے جشن کے دوران آتش بازی کا مظاہرہ دیکھا تو اس نے بھی جشن کے لئے یہ سامان خرید لیا۔
جس وقت آپ نمائش کے لئے جانے والے تھے،اس وقت وہ اسی فن کا مظاہرہ کرنے والا تھا،مگر ناسمجھی کی وجہ سے وہ منکو کے ہاتھ میں ہی پھٹ گیا۔
پھر جو ہوا وہ آپ کے سامنے ہے۔
شیر نے ٹنکی بندریا کی باتیں غور سے سنیں۔پھر منکو کو سمجھاتے ہوئے بولا:”نقل کے لئے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔آتش گیر مادے انسان کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔بسا اوقات انسان خود ہی اپنی بنائی ہوئی چیزوں کے ہاتھوں نقصان اُٹھاتا ہے۔اس فن کے مظاہرے کے لئے بہت مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسا کوئی ماہر ہی کر سکتا ہے۔“منکو نے آئندہ کے لئے توبہ کی وہ ایسی حرکت نہیں کرے گا۔
شیر نے سب سے مخاطب ہو کر کہا:”ہمیں ایسی سرگرمیوں سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے جس سے جلنے،جھلسنے یا زخمی ہونے کا ڈر ہو۔ہمیں ہر مشکل گھڑی میں نظم و ضبط کے ساتھ متحد رہنا چاہیے۔“

Browse More Moral Stories