Roza Aur Tandrusti - Article No. 1948

Roza Aur Tandrusti

روزہ اور تندرستی - تحریر نمبر 1948

روزہ ہمارے جسم اور دماغ کی صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہے

منگل 13 اپریل 2021

قدسیہ حیدر
”دادا جان!چاند نظر آگیا۔مبارک ہو۔“اُسامہ دوڑتا ہوا ان کے کمرے میں داخل ہوا۔
دادا جان نے بھی اسے مبارک باد دی اور پوچھا:”اُسامہ بیٹا!ان شاء اللہ کل تم روزہ رکھو گے؟“
”جی دادا جان!“
”اور اس مرتبہ تو میں بھی رکھو گی۔“یسریٰ نے کمرے میں داخل ہوتے ہوئے کہا۔
”جی ہاں!بالکل۔
“دادا جان نے دونوں بچوں کو محبت کے ساتھ دیکھتے ہوئے کہا:”بچو!روزہ رکھنے کا بہت ثواب ہے۔“
اُسامہ:”جی ہاں!اور ہماری استانی صاحبہ نے بتایا تھا کہ روزہ ہمارے جسم اور دماغ کی صحت کے لئے بھی فائدہ مند ہے۔“
یسریٰ نے پوچھا:”یہ بات میری سمجھ میں نہیں آئی،دادا جان!یہ کیسے ممکن ہے؟“
دادا جان نے روزے کے فائدے بتاتے ہوئے کہا:”بچو!جب ہم روزے کی حالت میں کچھ گھنٹوں کے لئے کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں تو ہمارے معدے کو آرام ملتا ہے اور اس کے اندرونی نظام کی تجدید ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے جسم میں کھانے کے دوران جو نقصان دہ اجزاء پیدا ہو جاتے ہیں،وہ جسم سے باہر نکل جاتے ہیں۔اس طرح ہم کئی بیماریوں سے بچ جاتے ہیں۔“
اُسامہ نے کہا:”ہمارے جسم کی زائد چربی بھی گھل جاتی ہے اور موٹاپا کم ہو جاتا ہے۔کولیسٹرول بھی کم ہو جاتا ہے۔“
دادا جان نے تصدیق کی:”ہاں!یہی موٹاپا دل اور بلڈ پریشر جیسی بیماریوں کی جڑ ہے۔

یسریٰ نے پوچھا:”اور دماغ کو کیسے فائدہ پہنچتا ہے اور یہ تیز کیسے ہو جاتا ہے؟“
دادا جان نے ہنستے ہوئے بتایا:”دماغ سے کچھ ایسے کیمیائی مادے خارج ہوتے ہیں ،جو جسم کے خلیوں کی مرمت کرتے ہیں۔“
اُسامہ نے کہا:”روزہ رکھنے سے ہماری وقت بے وقت کھانے کی عادت بھی ختم ہو جاتی ہے اور بد ہضمی بھی نہیں ہوتی۔“
دادا جان نے اضافہ کیا:”اس طرح ہم میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوتا ہے۔

اُسامہ نے کہا:”دادا جان!میں کبھی کبھار روزے کی حالت میں کمزوری محسوس کرتا ہوں اور افطار کرنے کے بعد مجھے سستی محسوس ہوتی ہے۔“
دادا جان نے بتایا:”اس کا تعلق غذا کے استعمال سے ہے۔اگر سحری میں توانائی بخش اور افطار میں سادہ اور ہلکی غذا کھائی جائے تویہ شکایت نہیں ہو گی۔تم دونوں ایسا کرو کہ ایک ایک چارٹ بناؤ۔اُسامہ تم سحری میں کھائی جانے والی غذاؤں کا اور یسریٰ تم افطار میں بنائی جانے والی چیزوں کا چارٹ بناؤ۔

دونوں بچے چارٹ بنانے چلے گئے اور تھوڑی دیر میں چارٹ بنا لائے۔
اُسامہ نے سحری کا توانائی سے بھرپور چارٹ بنایا اور دادا جان کو دکھایا۔انھوں نے چارٹ پڑھتے ہوئے کہا:”دلیا،روٹی،پراٹھا،اس میں موجود کاربوہائیڈریٹ تمام دن توانائی پہنچاتے ہیں۔انڈا،کباب،قیمہ اس سے پروٹین اور کیلشیئم ملتی ہے۔دودھ،دہی،لسی،پانی ان چیزوں سے جسم کو طاقت اور توانائی کے ساتھ پانی کی کمی پوری ہوتی ہے۔

”یسریٰ بیٹی!کیا تمہارا چارٹ تیار ہے؟“
یسریٰ نے اپنا چارٹ آگے بڑھایا:”یہ دیکھے دادا جان!“
دادا جان یسریٰ کا چارٹ دیکھ کر بولے:”درست!پھل اور خصوصاً اگر ایک یا دو کھجور کھائی جائے تو اس میں موجود شکر اور پوٹاشیم روزے کے دوران کھوئی ہوئی طاقت بحال کرتے ہیں۔سموسوں،رول اور پکوڑوں سے معدے پر بوجھ پڑتا ہے،کیونکہ یہ چیزیں دیر سے ہضم ہوتی ہیں اور معدہ جو کئی گھنٹے سے کام نہیں کر رہا ہوتا ہے،اس کے لئے یہ چیزیں نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
یسریٰ بیٹی کے چارٹ میں سینڈوچ، پھلوں یا سبزیوں کی سلاد،تازہ پھلوں کا رس یا لیموں کا شربت شامل ہے اور کھجور!سب سے بہترین چیز ہے جو فوری توانائی پہنچاتی ہے اور سنت کا ثواب بھی ملتا ہے۔“
اُسامہ:”اب سمجھ میں آیا کہ روزہ ہمیں بیماریوں سے بھی بچاتا ہے۔“
دادا جان بولے:”ماشاء اللہ!تم نے بالکل درست کہا۔اب تم دونوں سونے کی تیاری کرو،تاکہ سحری میں آسانی سے جاگ سکو۔“

Browse More Moral Stories