کیہال اربن میں قبرستان اراضی ختم ہو گئی، عمائدین کا منتخب عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کا فیصلہ

پیر 21 اکتوبر 2019 11:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) ایبٹ آباد کی یونین کونسل کیہال اربن میں قبرستان کی اراضی میں قبر کرنے کیلئے جگہ ختم ہو چکی ہے۔ کیہال کے عمائدین نے قبرستان کی اراضی کے حصول کیلئے مشاورت کے ساتھ منتخب عوامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالہ سے یونین کونسل کیہال کے عمائدین نے بتایا کہ یونین کونسل کیہال اربن کے قدیم صدیقیہ قبرستان اور کربلا میں قبروں کیلئے جگہ ختم ہونے کے بعد شہر کی گنجان آبادی کے عوام کو سخت دشواری کا سامنا ہے بالخصوص اکثریت میں سفید پوش سخت متاثر ہو رہے ہیں۔

تحریک انصاف کی گذشتہ صوبائی حکومت میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے مشتاق احمد غنی کی رہائش گاہ پر پانچ کروڑ کا فنڈ قبرستان کیلئے مختص کرنے کا اعلان کیا جس پر 6 سال گذرنے کے بعد بھی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ یونین کونسل کی سرکردہ سماجی شخصیات نے عوام سے رابطہ مہم شروع کرنے اور انتظامی افسران اور منتخب عوامی نمائندوں سے ملاقاتیں کرنے کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں