ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر تھانہ حویلیاں میں ممبران پی ایل سی کی میٹنگ کا انعقاد

ممبران پی ایل سی اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے مقامی پولیس کے ساتھ بطور معاون خدمات سرانجام دیں، ڈی ایس پی حویلیاں

بدھ 17 اکتوبر 2018 23:14

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر تھانہ حویلیاں میں ممبران پی ایل سی کی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی ایس پی حویلیاں، ایس ایچ او تھانہ حویلیاں، ممبران پبلک لیزان کمیٹی اور منتخب عوامی نمائندگان نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد، سرکل ایس ڈی پی اوز اور ضلع بھر کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز کو پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ کے انعقاد کے احکامات جاری کر دیئے۔

اس سلسلہ میں پبلک لیزان کمیٹی کے ساتھ پہلے مرحلہ میں ضلعی پولیس سربراہ نے خود تمام تھانہ جات کے دورے کئے اور ممبران کو ان کی ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا اور پولیس ایکٹ 2017ء کے تحت عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ نے تمام ایس ڈی پی اوز کو ہدایات میں واضح کیا کہ تھانہ جات کی سطح پر پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران کے ساتھ 15 روز بعد میٹنگ کا انعقاد کیا جائے او ر ممبران کی کارکردگی کا جائزہ لے کر تمام امور پر تبادلہ خیال کیا جائے۔

اس سلسلہ میں ڈی ایس پی حویلیاں، ایس ایچ او تھانہ حویلیاں نے تھانہ حویلیاں میں پبلک لیزان کمیٹی ممبران کے ہمراہ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ ڈی ایس پی حویلیاں اعجاز خان نے پبلک لیزان کمیٹیوں کے ممبران کو پی ایل سی کی کارکردگی اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلا آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی حویلیاں نے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بطور ممبر پی ایل سی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جو قانون کے مطابق آپ کو ان پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہو گا، آپ لوگوں کو اچھے کردار اور معاشرے میں اچھا مقام ہونے کی وجہ سے پی ایل سی کی ممبر شپ دی گئی ہے، ابھی آپ کا یہ اولین فرض ہے کہ بمطابق قوانین آپ اپنے فرائض سرانجام دیں اور مقامی پولیس کے ساتھ بطور معاون خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی خدمات سرانجام دیں۔

ڈی ایس پی حویلیاں نے بتایا کہ ضلعی پولیس سربراہ کی ہدایات کے مطابق تمام تھانہ جات میں پبلک لیزان کمیٹی کے ممبران کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے گی اور کارکردگی کے حوالہ سے جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں