ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ایبٹ آباد میں دو روزہ سپرنگ فیسٹیول کل شروع ہو گا

جمعہ 26 اپریل 2019 11:54

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام ایبٹ آباد میں دو روزہ سپرنگ فیسٹیول کل ہفتہ کو شروع ہو گا، اس سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کو تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور کنٹونمنٹ بورڈ کا تعاون بھی حاصل ہے۔ جشن بہاراں جلال بابا آڈیٹوریم اور اس سے ملحقہ گرائونڈ میں منعقد کیا جائے گا جس میں عام لوگوں کی دلچسپی اور تفریح کیلئے سپورٹس، تعلیم، بلدیات، جنگلات،ریسیکو، پولیس، واسا، سوشل ویلفیئر، سیاحت، وائلڈ لائف، خوراک، اطلاعات، سول ڈیفنس، اباسین آرٹس کونسل، نیشنل بک فائونڈیشن، مواصلات، یونیورسٹیوں اور دیگر محکموں کا تعاون حاصل کیا گیا ہے جبکہ غیر سرکاری اداروں میں ایوان تجارت، پریس کلب سمیت میڈیا تنظیمیں، بار کلب، ٹیک ویلی اور دیگر نجی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد جشن بہاراں کے مقاصد کے تعین اور انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ محکموں اور اداروں کا ایک غیر معمولی اجلاس ڈپٹی کمشنر عامر آفاق کی صدارت میں منعقد کیا گیا جس میں ضلع ناظم کرنل (ر) سردار شبیر سمیت تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے سربراہان اور میلہ کے کوآرڈینیٹر قاضی محمد زبیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے واضح کیا کہ ایبٹ آباد کا لوک میلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر بہتر اسلوب حکمرانی کی حکمت عملی کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد محض کھیل تماشے دکھانا نہیں بلکہ مختلف مثبت سرگرمیوں کے ذریعہ پاکستانیت کے جذبہ اور علاقہ کی ثقافت، سیاحت، معیشت اور دیگر خصوصیات کو اجاگر کرنا ہے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں اور اداروں کو لوک میلہ کہ حوالہ سے ذمہ داریاں تفویض کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے خصوصاً نوجوانوں، بچوں اور خواتین کیلئے میلہ کو پرکشش اور رنگا رنگ بنانے کے اقدامات کریں۔ ضلع ناظم کرنل (ر) سردار محمد شبیر نے بھی اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محکموں پر زور دیا کہ وہ جشن بہاران کو دلچسپ بنانے کیلئے ہزارہ کے روائتی کھانوں، لباس، رہن سہن اور قدرتی ماحول و دیگر روایات اور خصوصیات کو اجاگر کریں۔ ضلع ناظم نے یونیورسٹیوں سمیت بڑے تعلیمی اداروں کو بھی شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے یقین دلایا کہ آرمی میوزیکل بینڈ کو بھی لوگوں کی تفریح کیلئے میلہ میں شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں