ضلعی پولیس سربراہ نے دورہ بازار کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کو کیش ریوارڈ سے نوازا

پیر 20 مئی 2019 23:05

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) ضلعی پولیس سربراہ نے ایبٹ آباد بازار کے دورہ کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران اور جوانوں کو کیش ریوارڈ سے نوازا، ایس پی وارڈن کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں جوانوں کے ہمراہ شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے ایس پی ٹریفک وارڈن محمد اشتیاق، آل ٹریڈ یونین کے صدر نعیم اعوان اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ ایبٹ آباد بازار کا سیکورٹی اور ٹریفک کے حوالہ سے خصوصی دورہ کیا۔

اس موقع پر ڈی ایس پی کینٹ یاسین خان جنجوعہ، ایس ایچ او تھانہ کینٹ سردار طاہر سلیم بھی ہمراہ تھے۔ ضلعی پولیس سربراہ نے دورہ کے دوران ڈیوٹی پر موجو د افسران اور جوانوں کو کیش ریوارڈ سے نوازا۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ نے ضلع ایبٹ آباد کے تمام بازاروں، سبزی منڈی اور پارکنگ کے حوالہ سے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور رمضان کے آخری عشرے کے دوران اور عید الفطر کی آمد کے موقع پر تمام انتظامات کے حوالہ سے ایس پی ٹریفک وارڈن کو خصوصی ہدایات دیں۔

اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران اور عید الفطر کے موقع پر ٹریفک کنٹرول کیلئے خصوصی پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دورہ کے دوران ضلعی پولیس سربراہ نے تاجروں سے ملاقاتیں کرتے ہوئے سیکورٹی اور دیگر امور کے حوالہ سے بات چیت کی۔ ضلعی پولیس سربراہ نے بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس افسران اور جوانوں میں کیش ریوارڈ تقسیم کئے۔

بازار کے دورہ کے بعد ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے ماہ رمضان کی 13 ویں روزے کی افطاری ایس پی ٹریفک وارڈن محمد اشتیاق، آل ٹریڈ یونین کے صدر نعیم اعوان اور دیگر عہدیداران، ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او کینٹ، ٹریفک سٹاف اور ڈیوٹی پر معمور جوانوں کے ہمراہ کی۔ ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کینٹین موبائل کا معائنہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو مہیا کی جانے والی افطاری کا معائنہ کیا جبکہ ایس پی ٹریفک وارڈں پولیس محمد اشتیاق اور ٹریفک سٹاف کی طرف کی جانے والی دعوت افطار میں شرکت کی اور تمام افسران اور جوانوں نے ایک دستر خوان پر ماہ رمضان کا روزہ افطار کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں