احمد حسین مجاہد کی نئی کتاب ’’رموز ِ شعر‘‘ کی تقریب ِ رونمائی 25 نومبر کو منعقد ہو گی

بدھ 22 نومبر 2017 13:51

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2017ء) معروف شاعر، ادیب اور نقاد احمد حسین مجاہد کی نئی تصنیف ’’رموز ِ شعر‘‘ کی تقریب ِ رونمائی 25 نومبر کو منعقد ہو گی۔ تقریب کے مہمان خصوصی اکادمی ادبیات کے چیئرمین محمد قاسم بھگیو ہوں گے جبکہ آصف ثاقب تقریب کی صدارت کریں گے۔ ممتاز ناول نگار وحید احمد بھی تقریب رونمائی میں مہمان اعزازی کے طور پر شرکت کریں گے۔

’’رموزِشعر‘‘ میں اردو شاعری کے اہم موضوعات عروض، بیان و بدیع، فصاحت و بلاغت اور محاسن و عیوب کا احاطہ کیا گیا ہے۔ مذکورہ کتاب خصوصی طور پر نئے شعرا کی رہنمائی کیلئے شائع کی گئی ہے۔ بزم علم و فن کے زیر اہتمام ماڈرن ایج کالج میں منعقد ہونے والی تقریب میں امتیاز الحق امتیاز، ڈاکٹر ضیاء الرشید اور دیگر ادبا بھی کتاب پر گفتگو کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ احمد حسین مجاہد کا تعلق بالاکوٹ سے ہے جو حالیہ دنوں ایبٹ آباد میں مقیم ہیں۔ قبل ازیں شاعری اور نثر پر ان کی متعدد کتابیں منظر عام پر آ چکی ہیں جن میں ’’دھند میں لپٹا جنگل‘‘، ’’صفحہٴ خاک‘‘ ، ’’اوک میں آگ‘‘، ’’چاک پہ رکھے خواب‘‘ اور ’’قینچی‘‘ شامل ہیں۔ قینچی ان کی واحد کتاب ہے جو طویل ہندکو نظم کی صورت میں وادی کاغان کی مشہور لوک داستان کا احاطہ کرتی ہے۔ احمد حسین مجاہد ملکی سطح پر مشاعروں اور ادبی تقریبات میں بھی شرکت کرتے ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں