سرکاری اداروں کی کارکردگی کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے،کمشنرڈی آئی خان

پیر 13 اگست 2018 23:56

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی طرف سے عوامی شکایات کے ازالے کیلئے تمام کوششیں بروئے کار لانے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے سے بہتر طرز حکمرانی کا حق ادا کیا جا سکتاہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ پرفارمنس مانیٹرنگ فریم ورک کے تحت ضلع ڈیرہ و ٹانک کے سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ ، ٹانک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ ہائے تعلیم ، صحت، مواصلات، لائیو سٹاک، آبپاشی، آبنوشی، تحفظ اراضیات، توسیع زراعت، سپورٹس کے افسران و نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کسی بھی شعبے کے خلاف شکایات کے فوری ازالے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صحت و تعلیم کے شعبوں کے علاوہ زراعت ، لائیو سٹاک، آبپاشی کے شعبوں کی رینکنگ میں بہتری کیلئے تمام صلاحتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کی موثر نگرانی کا عمل جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی پرفارمنس کی بہتری کیلئے اقدامات کریں اور پورٹل پر موجود شکایات کے ازالے کیلئے بروقت کوششیں کریں۔انہوں نے تنبیہ کی کہ غفلت برتنے اور عوامی مفاد سے متعلق شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لوگوں کی طرف سے سرکاری محکموں پر اعتماد بحال کروانا ہے نہ کہ ماضی کی طرح جب لوگ اپنی شکایا ت اور تکالیف کے ازالے کیلئے سرکاری اداروں سے مایوس ہو کر دیگر ذرائع کا سہارا لیتے تھے۔عوامی مسائل سے لاتعلقی ان کے استحصال کی وجہ بنتی ہے۔ انہوں نے فرداً فرداً تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ آپ کی اے سی آر اور پراگرس رپورٹ آپ کی کارکردگی کی بنا پر مرتب کی جاتی ہیں جبکہ مایوس کن کارکردگی آپ کیلئے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔

لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات بہم پہنچانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی آنے والی حکومت سرکاری اداروں کے تعاون سے لوگوں کو سہولیات بہم پہنچانے اور ان کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کا باہمی تعاون بھی ازحد ضروری ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں