باغبانو ں کو آم کی گدھیڑی کے انسداد کیلئے فوری طور پر درختوں کے ارد گرد ہل چلانے اور گوڈی کرنے کی ہدایت

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2019ء) ماہرین زراعت نے باغبانو ںکو آم کی گدھیڑی کے انسداد کیلئے فوری طور پر درختوں کے ارد گرد ہل چلانے اور گوڈی کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ گرم مرطوب موسم میں آم کا تیلا اور آم کی گدھیڑی آم کے پودوںپر حملہ آور ہو کر پھل کو نقصان پہنچا سکتی ہے لہٰذا نمی کے موسم میں آم کے باغات پر کڑی نظر رکھی جائے اور اسے نقصان رساں کیڑوں سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ آم کے تیلے اور گدھیڑی کے بالغ اور بچے پودوں کے نرم پتوں اور شگوفوں سے رس چوس کر انہیں کمزور کردیتے ہیں ۔اس سے کیڑوں کے جسم سے لیس دار مادہ خارج ہونے لگتاہے جس کے باعث متاثرہ پودے کے پتوں پر پھپھوندی لگ جاتی ہے اور پتے سیاہ ہونے کے علاوہ خوراک بنانے کا عمل ترک کرکے مرجھانا شروع ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ باغبان پھل کی برداشت کے بعد گھنی شاخوں کی کٹائی کر دیں تاکہ پودوں کے درمیان ہوا اور روشنی کا گزر ہو تارہے۔

انہوںنے کہاکہ آم کی گدھیڑی کے تدارک کیلئے درختوں کے ارد گرد ہل چلانے اور گوڈی کرنے سے اس کے انڈے زمین سے باہر آ کر تلف ہو جاتے ہیں۔ انہوںنے درختوں کے تنوں کے گرد بند لگانے اور پولی تھین یا پلاسٹک کی دو سے تین فٹ اونچائی تک تنصیب کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں