ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچاؤ کےلئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے، ڈپٹی کمشنر

پیر 6 مئی 2024 18:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2024ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ ڈینگی سے بچاؤ کےلئے بھر پور انتظامی و انسدادی اقدامات کر رہی ہے تاہم عوامی تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی میں کامیابی ممکن نہیں لہذا شہری ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا صفایا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد کی چیکنگ کےلئے بغیر اطلاع کوہ نور سمیت دیگر علاقوں کی گلی محلوں میں جاکر انسداد ڈینگی سٹاف کی موجودگی اور سرویلنس کے طریقہ کار کو چیک کیا۔انہوں نے گھروں کے مکینوں سے محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں اور ان کی طرف سے سرویلنس کے طریقہ کارکے بارے میں دریافت کیا۔شہریوں نے بتایا کہ میل اور فی میل سٹاف پر مشتمل انسداد ڈینگی ٹیموں کی طرف سے گھروں میں ایئرکولرز، فریج کی ٹرے،پانی کی ٹینکیوں، گملوں،پانی جمع کرنے کے برتنوں اور چھتوں پر کاٹھ کباڑ وغیرہ کو مسلسل چیک کیا جارہا ہےجس پرڈپٹی کمشنر نے اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکینوں سے کہا کہ وہ شعوری انداز میں احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،کسی جگہ پانی کھڑا نہ رہے کیونکہ موجودہ موسم ڈینگی لاروا کی افرائش کیلئے موافق ہے لہذا بھرپور احتیاط اور توجہ سے اس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے ہر فرد کا کردار اہم ہے لہذا ڈینگی کی آماجگاہوں کے خاتمے کیلئے شہری اپنے گھروں کے اندر صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کیا جائے جو آؤٹ ڈور اوران ڈور سرویلنس کیلئے سرگرم عمل ہیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے متعلقہ افسران اور انسداد ڈینگی سٹاف کو خبردار کیا کہ وہ ڈینگی لاروا کی افزائش روکنے کیلئے تمام تر وسائل کے ساتھ غیر معمولی کوششیں کریں اور اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عظمت عباس نے بتایا کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کا عمل بلا تعطل جاری ہے اور ٹیموں کی کارکردگی کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں