فیصل آباد،باغبانوں کو ویلنشیا لیٹ کی برداشت شروع اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت

بدھ 24 اپریل 2024 13:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کو ویلنشیا لیٹ کی برداشت شروع اور پیوندکاری کاعمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ باغبان ترشاوہ پھلوں کے پودوں کو اپریل کے آخر تک نائٹروجنی کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں اور عناصر صغیرہ کا ضرورت کے مطابق سپرے بھی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ باغبان 15 دن کے وقفہ سے آبپاشی کریں اور پھل شروع ہونے کے فوراً بعد پانی ضرور دیں۔ انہوں نے کہاکہ باغبان کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف سپرے کرتے ہوئے پودوں کے تنوں پر بورڈ و پیسٹ لگانے کے ساتھ ساتھ جنسی پھندے لگانے کاعمل بھی جاری رکھیں اور جڑی بوٹیوں کا بروقت تدارک بھی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی یامعلومات کے لئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں