گرمی کے باعث پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے کاشتکاروں کو حفاظتی و تدارکی اقدامات کامشورہ

پیر 13 مئی 2024 13:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2024ء) گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ کے باعث کاشتکاروں کو پیاز اور لہسن کی فصل کو تھرپس سے بچانے کیلئے فوری حفاظتی و تدارکی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ گرمی کی شدت کے ایام میں پیاز اور لہسن کی فصل پر تھرپس کے حملہ کاخدشہ رہتاہے جس سے پودوں کے پتے چڑمڑ ہو کر آہستہ آہستہ خشک ہو جاتے ہیں اور حملہ شدہ پتے کی سطح چمکیلی ہو جاتی ہے جس سے فصل کو شدید نقصان پہنچنے اور پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ تھرپس کا تدارک اس انداز سے کیا جا سکتا ہے کہ کاشتکار فصل کی آبپاشی کرتے رہیں اور پودوں کو سوکا نہ آنے دیں۔انہوں نے کہا کہ تھرپس کے کیمیائی انسداد کیلئے امیڈا کلوپرڈ 250ملی لیٹر کو 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کرنے سے تھرپس اور پھپھوندی کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے طبعی انسداد کیلئے کھیتوں کو جڑی بوٹیوں سے پاک رکھتے ہوئے 2سے 3 بار گوڈی کرنا بھی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید معلومات، رہنمائی، مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں