فیصل آباد،کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

جمعرات 16 مئی 2024 13:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2024ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹر خالداقبال نےکاشتکاروں کو سورج مکھی کی کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکثرمقامات پرسورج مکھی کی فصل اس وقت کٹائی کے لئے تیار ہوگئی ہے لیکن فصل کو برداشت کرنے سے پہلے کچھ علامات کا خیال ضروری ہے جیسا کہ پھول کی پشت سنہرے رنگ کی ہونی چاہیے، پھول کی زرد پتیاں خشک ہوکر گر جائیں،سبز پتوں کا آدھا حصہ گر جائے اور بیج میں دودھیا پن ختم ہوجائے تو فصل برداشت کے لئے تیار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں چھوٹی سی کوتاہی پیداوار کو شدید متاثر کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سورج مکھی کی فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور2سے3 دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں اورسورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں کیونکہ اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں