بچیانہ تحصیل جڑانوالہ میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف

پیر 30 مئی 2022 13:08

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2022ء) بچیانہ تحصیل جڑانوالہ میں مردہ مرغیوں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف۔ متعلقہ محکمہ کی مبینہ چشم پوشی نے عوام کو قصابوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا۔تفصیلات کے مطابق راتوں رات امیر ہونے کے شوق میں بچیانہ میں قصابوں نے مردہ مرغیوں کی فروخت کادھندہ دیدہ دلیری سے شروع کررکھا ہے۔ جبکہ من مانے ریٹ لگا کر شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔

شدیدگرمی میں چھوٹے فارمرز کے پاس مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث برائلر موٹیلٹی میں خاصا اضافہ ہوا ہے جو نقصان سے بچنے کیلئے انتہائی سستے داموں مرغیاں قصابوں کو فروخت کردیتے ہیں اور یہ انکشاف ہوا ہے کہ بچیانہ کے مخصوص قصاب مردہ مرغیوں کی خریداری کیلئے ہمہ وقت دستیاب ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ قصابوں کی دٴْکانوں پر بھی شدید گرمی کے باعث مرغیاں نیم مردہ حالت میں موجود پائی جاتی ہیں جنہیں ذبح کرکے ان کا گوشت پہلے ہی پھٹوں پر سجا دیا جاتا ہے۔

اس ساری صورتحال کو کنٹرول کرنے اور صحت مند و تندرست جانور کاگوشت فروخت کروانے کیلئے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کی کارکردگی بالکل صفر ہے۔ قصابوں کا کہنا ہے کہ ہم معقول رقم متعلقہ محکمہ کو دیتے ہیں۔ جبکہ سرعام ناقص گوشت کی فروخت پر محکمہ لائیو سٹاک اور متعلقہ افسران کی مبینہ چشم پوشی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بچیانہ میں صحت مند اور تندرست گوشت فروخت کرنے کیلئے مناسب حکمت عملی طے کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں