جائیکا ہیڈکوارٹرمشن واٹر سیکٹر کے تین رکنی وفد کا واسا فیصل آباد کا دورہ

جمعہ 19 اپریل 2024 21:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) مینجنگ ڈائریکٹر عامر عزیز کی قیادت میں واسا فیصل آباد اور جائیکا ہیڈکوارٹر مشن نے پینے کے پانی کے حوالے سے شہر کو ماڈل سٹی بنانے کے لئے مزید پراجیکٹس پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اس ضمن میں جائیکا ہیڈکوارٹرمشن واٹر سیکٹر کے تین رکنی وفد نے ناکا شیما کوجی کی قیادت میں فیصل آباد کا دورہ کیا اور امپروومنٹ آف واٹر ڈسٹری بیوشن پراجیکٹ جھال خانوآنہ کی سائٹ کا وزٹ کیا جبکہ بعد ازاں مینجنگ ڈائریکٹر واسا سے ملاقات کی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر کامران رضا کاہلوں،کنسلٹنٹ سلطان اعظم، ڈپٹی ڈائریکٹرز سانول ملک، نعمان نور،سینئر سب انجینئر عبدالرؤف و دیگر بھی موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران جائیکا ہیڈکوارٹرمشن نے جھال خانوآنہ پراجیکٹ اور ٹیکنیکل اسسٹنٹ پراجیکٹ کی اب تک پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا فیصل آباد جائیکا کے پراجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر کے شرقی حصے کی دو لاکھ سے زائد آبادی کو پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہو سکے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جائیکا کی جانب سے 1990ء سے واسا فیصل آباد کے ساتھ مشترکہ پراجیکٹس چل رہے ہیں جس پر واسا فیصل آباد اور شہری جائیکا کے شکر گزار ہیں۔ فیصل آباد کے ماسٹر پلان کے تحت مستقبل میں بھی مزید عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹس پر مشترکہ طور پر کام کرنے کے لئے پلاننگ تشکیل دی جارہی ہے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ جائیکا کے تعاون سے شہریوں کو فراہمی آب کے حوالے سے شہر کو ماڈل سٹی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں